شاہ محمود قریشی کی کویتی خارجہ سے ملاقات ،مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کویت میں مقیم ہے اور گزشتہ کء دہائیوں سے کویت کی تعمیر و ترقی میںاپنا کردار ادا کر رہی ہے مخدوم شاہ محمود قریشی کی گفتگو

ہفتہ 28 نومبر 2020 17:29

شاہ محمود قریشی کی کویتی خارجہ سے ملاقات ،مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے موقع پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد الصباح کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، کرونا وبائی چیلنج ،مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور کویت کے مابین گہرے تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں ،پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کویت میں مقیم ہے اور گزشتہ کء دہائیوں سے کویت کی تعمیر و ترقی میںاپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، کویت کے ساتھ اپنے شاندار سیاسی روابط کو ایک مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا عالمی وبائی عفریت نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے ،۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے خلاف کویتی حکومت کے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے ذریعے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں قابلِ قدر کامیابی حاصل کی ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے زراعت، فوڈ سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے کویتی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مسلسل حمایت پر کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے کویت کا موقف انتہائی واضح ہے ،دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔کویتی وزیر خارجہ نے امیر کویت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔