وائس چانسلرقراقرم یونیورسٹی سے کمانڈر ایس سی او کی ملاقات ، باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

منگل 1 دسمبر 2020 17:36

گلگت ۔1دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30نومبر2020ء) :قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن گلگت بلتستان کے سیکٹر کمانڈر کرنل عمران منصور نے ملاقات کی ۔ پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق ملاقات میں قراقرم یونیورسٹی آئی ٹی پارک، ٹیکنالوجی انکیوبیشن سنٹر،ٹیکنکل آئی ٹی انسٹیٹیویٹ سنٹر کا قیام سمیت سب کیمپسز میں ٹیکنالوجی پارکس و سکلز بیس پارک کے قیام اور دیگر منصوبوں پر کام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔

وائس چانسلر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایس سی اوکے ساتھ مل کر مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔ امید ہے ایس سی او کی تعاون سے طلبا کو گھر کی دہلیز تک ٹیکنالوجی کے استعمال سے آسان انداز میں تعلیم و تعلم کی سہولت مہیا کرینگے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کمانڈر ایس سی او نے کہاکہ ایس سی او قراقرم یونیورسٹی کو انٹرنیٹ کی بہترین سہولیات فراہم کریگی اور یونیورسٹی کے ساتھ مل کر طلبا کو تعلیم کے حصول میں آسانیاں پید اکرینگے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ قراقرم یونیورسٹی اور ایس سی او مل کر قراقرم یونیورسٹی میں آئی ٹی و جدید ٹیکنالوجی پر سیمینار منعقد کرینگے ۔ جس کے ذریعہ طلبہ وطالبات کو فری لائنسنگ ،ای کامرس سمیت دیگر ٹیکنالوجی بیس سکلز سے متعلق روشناس و آگاہی مہیا کی جائے گی ۔