پاک افواج نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا راز دار بنا لیا

قومی سلامتی کے ادارے وزیراعظم پر اُس لیول تک بھروسہ کر رہے ہیں جس لیول پر گذشتہ چند دہائیوں میں کسی سیاسی قیادت پر نہیں کیا گیا،عمران خان سے وہ باتیں بھی شئیر کی جاتی ہیں جو گذشتہ سیاسی قیادتوں سے کرتے ہوئے پاک فوج کے ذہن میں مختلف خدشات آتے تھے۔اینکر عمران خان کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 2 دسمبر 2020 17:14

پاک افواج نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا راز دار بنا لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2020ء) :سینئر اینکر عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اتوار کے روز آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔یہاں ہونے والی ملاقات بہت اہمیت رکھتی ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اسد عمر بھی موجود تھے۔عمران خان کے تین چار قریبی ساتھی بھی تھے۔دوسری جانب تینوں افواج کے سربراہان بھی موجود تھے،علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔

اگرچہ اس ملاقات کی تفصیلات باہر نہیں آئیں لیکن مجھے میرے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے ادارے وزیراعظم عمران خان پر اس لیول تک بھروسہ کر رہے ہیں جس لیول پر انہوں نے گذشتہ چند دہائیوں میں کسی سیاسی قیادت پر نہیں کیا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ عمران خان سے وہ باتیں بھی شئیر کی جاتی ہیں جو گذشتہ سیاسی قیادتوں سے کرتے ہوئے پاک فوج کے ذہن میں مختلف خدشات آتے تھے،ان کا وزیراعظم عمران خان پر حد سے زیادہ بھروسہ ہے۔

(جاری ہے)

کانفیڈینس کا لیول یہاں تک ہے کہ عمران خان بار بار آئی ایس آئی کے دورے کر رہے ہیں۔عمران خان کو اسی وجہ سے ہر معاملے پر بریف بھی کیا جا رہا ہے۔مستقبل میں کسی قسم کے بھی حالات ہوں ہر چیز عمران خان کی رضامندی سے ہو گی، اور مل جھل کر ہو گی۔سول قیادت اور فوج میں اعتماد کا کوئی فقدان نہیں ہے۔دونوں ایک دوسرے کو رازدار بنا رہے ہیں۔اینکر عمران خان نے مزید کہا کہ ایران میں جس سائنسدان کا قتل ہوا اس معاملے کو بھی پاکستان گہری نظر سے دیکھ رہا ہے۔

حالیہ ملاقات میں عربوں اور اسرائیلوں کے درمیان تعلقات پر بھی غور کیا گیا، ممکنہ بھارتی حملوں پر بھی غور کیا گیا،کون سی حکمت عملی اپنائی جائے گی اس حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے بھی آئی ایس آئی کو سراہا ہے۔اینکر عمران خان نے مزید کیا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے: