سعودی عرب نے لاک ڈاؤن کے دوران مسجد الحرام میں کئی اہم کام کر ڈالے

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے سنگ مرمر کے 4 ہزار سلیب بدل دیئے، امام کا مصلیٰ زمینی منزل پر منتقل کر دیا،درجنوں برقی زینے بھی نصب کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 4 دسمبر 2020 13:17

سعودی عرب نے لاک ڈاؤن کے دوران مسجد الحرام میں کئی اہم کام کر ڈالے
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 دسمبر2020ء) سعودی عرب دُنیا بھر کے مسلمانوں کے متبرک اور مقدس ترین مقام ہیں۔ یہاں پر موجود خانہ کعبہ اور مسجد نبوی اور روضہ شریف کی زیارت کے لیے ہر سال ایک کروڑ سے زائد افراد حج اور عمرہ کی غرض سے یہاں آتے ہیں۔ کورونا کی وبا سے قبل مسجد الحرام میں دن رات لاکھوں افراد کا اجتماع رہتا تھا۔ اتنی بڑی تعداد کو عبادت، زیارت اور حج و عمرہ کی سعادت کے دوران سہولیات اور آرام فراہم کرنا حرمین شریفین کی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے جسے وہ بخوبی نبھاتی ہے۔

سعودی حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران مسجد الحرام میں نمازیوں اور عمرہ زائرین کی آمد اور عبادت پر پابندی کے دنوں میں کئی ایسے تعمیراتی کام تیزی سے کر ڈالے، جنہیں عام حالات میں نمٹانے میں کئی ماہ کا وقت لگ سکتا تھا۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے مطابق مسجد الحرام میں مسعیٰ اور شاہ فہد توسیعی علاقے میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران سنگ مرمر کی 4 ہزار سے زائد سلیب تبدیل کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ امام کے مصلے یعنی نماز پڑھانے کی جگہ کو بھی تیار کیا گیا ہے۔حرمین شریفین سے متعلق پراجیکٹس کے ڈائریکٹر انجینئر عمار الاحمدی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران جب نمازوں اور عمرہ کی ادائیگی معطل تھی ، اس دوران 1849 مربع میٹر رقبے پر محیط سنگ مرمر کے 4,001 پرانے سلیب اُکھاڑ کر ان کی جگہ نئے سلیب لگا دیئے گئے ہیں۔ سعی کے مقام پر 7 سو سنگ مرمر سلیبز جبکہ شاہ فہد توسیعی حصے میں 3,302سلیبز لگائی گئی ہیں۔

ان سلیبز کی موٹائی 3 سینٹی میٹر ہے۔ اس کے علاوہ امام کا مصلیٰ گراؤنڈ فلور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ مصلیٰ اٹھارہ روز کے اندر تیا ر کیا گیا ۔ اس مصلےٰ میں 7 ایئرکنڈیشنڈ کیبن یونٹس، 7 فانوس، 140 لائٹنگ یونٹس اور 38 اسپیکرز شامل ہیں۔
سنگ مرمر کی سلیبز لگوانے اور امام کا مصلیٰ تیار کروانے کے کام کی نگرانی 15 انجینئرز نے کی۔

مسجد الحرام میں بزرگ اور معذور افراد کے لیے ایک اور بڑی سہولت الیکٹرانک زینے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس وقت مسجد الحرام میں 200 الیکٹرانک زینے ہیں جنہیں روزانہ ایک لاکھ پانچ ہزار افراد استعمال کرتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق حرم کے نئے توسیعی حصوں میں مزید 8 الیکٹرانک زینے نصب کر دیئے گئے ہیں جس سے عمرہ زائرین اور نمازیوں کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔ نئے حصے میں اس سے قبل سات زینے بنائے گئے تھے۔ جس کے بعد اب ان کی گنتی پندرہ ہو گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق صفا ومروہ، سوق صغیر، طہارت خانوں، حرم کے دروازوں اور سوق صغیر انڈر پاس میں بھی برقی سیڑھیاں نصب کی گئی ہیں اس کے علاوہ میناروں اور سروس لفٹس کے ساتھ بھی ان کی سہولت موجود ہے۔