کرایہ کے تنازعے پر 9 سالہ طالبعلم کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا

قتل میں ملوث میاں بیوی بچے کے کرائے دار ہیں، پولیس نے گرفتار کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 دسمبر 2020 16:08

کرایہ کے تنازعے پر 9 سالہ طالبعلم کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا
مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 دسمبر 2020ء) : مردان میں کرائے داروں نے کرایہ کے تنازعہ پر مالک مکان کے بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 25 دسمبر کو کاٹلنگ کی نہر سے ایک لاش برآمد کی گئی۔ جس کی شناخت محمد اسماعیل ولد ممتاز کے نام سے ہوئی، تیسری جماعت کا ننھا طالب علم 24 دسمبر کی شام چار بجے لاپتہ ہوا تھا، جس کے بعد 25 دسمبر کی علی الصبح 9 سالہ اسماعیل کی لاش نہر سے برآمد ہوئی۔

ننھے اسماعیل کی لاش برآمد ہونے پر اہل خانہ شدت غم سے نڈھا ل تھے جبکہ علاقہ مکین بھی سخت افسردہ نظر آئے۔ معصوم اسماعیل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اسماعیل کی جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ بچے کے قتل کا مقدمہ والد کی مدعیت میں مقامی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے مذکورہ کیس میں قابل تعریف کارکردگی دکھائی اور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس کے مطابق ننھے اسماعیل کے قتل میں ملوث میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان بچے کے کرائے دار ہیں، جنہوں نے کرایہ کے تنازعے پر ننھے اسماعیل کو گلا دبا کر مارا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے قتل سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے ، مزید تفتیش کے بعد قاتلوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب ننھے اسماعیل کے والدین نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلوں کو سخت سزا دیں اور ان کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی کوئی نرمی نہ برتیں تاکہ وہ اپنے معصوم بیٹے کو انصاف دلوا سکیں۔

متعلقہ عنوان :