کویت میں ظالم مالکہ نے خادمہ کو تشدد کر کے مار ڈالا

عدالت نے کویتی خاتون کو سزائے موت دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 31 دسمبر 2020 12:46

کویت میں ظالم مالکہ نے خادمہ کو تشدد کر کے مار ڈالا
کویت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31دسمبر2020ء) کویت میں لاکھوں غیر ملکی خادمائیں مقامی اور غیر مقامی افراد کی رہائش گاہوں پر ملازمت کرتی ہیں۔جن کی زیادہ بڑی گنتی کا تعلق فلپائن سے ہے۔ فلپائنی خواتین کو گھریلو خدمات کے معاملے میں بہترین سمجھا جانے کے باعث ان کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے ۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان ملازماؤں کے ساتھ ناروا سلوک اور قتل تک کے معاملات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔

ایسے ہی ایک واقعے میں ایک ظالم کویتی خاتون نے اپنی فلپائنی خادمہ کو بے پناہ تشدد کر کے مار ڈالا۔ اس واقعے پر کویت میں بھی سخت ردِ عمل سامنے آیا اور فلپائنی حکومت کی جانب سے بھی کویتی خاتون کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ فلپائنی حکومت کی جانب سے ایک موقع پر کویت کے لیے گھریلو خادمائیں بھیجنے سے انکار کرنے کا بیان بھی سامنے آ گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم مقتولہ خادمہ کو اس معاملے میں انصاف مل گیا ہے۔ کویتی کرمنل کورٹ نے کویتی خاتون کو تشدد اور قتل کا ذمہ دار ٹھہرا کر سزائے موت دے دی ہے۔ اس طرح اب کویتی خاتون کو پھانسی دے دی جائے گی۔ عدالت میں استغاثہ کی جانب سے کویتی خاتون پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے اپنی خادمہ کو متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا، یہاں تک کہ اسے زخمی ہونے پر علاج کی سہولت بھی فراہم نہیں کی بلکہ گھر کے ہی ایک کمرے میں بند کیے رکھا جس کی وجہ سے اس کی ہلاکت ہو گئی۔

کویتی خاتون نے جان بوجھ کر یہ قتل کیا ہے ، اس لیے اسے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ فلپائنی سفارت خانے نے اس مقدمے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کویت کی ممتاز وکیل فوزیہ الصباح کی خدمات حاصل کی تھی۔ جنہوں نے بتایاکہ مقدمے کی سماعت اورٹھوس شواہد کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ کویتی خاتون نے انتہائی ظالمانہ ڈھنگ اپنا رکھا تھا، اس کی بے رحمی کی وجہ سے ہی فلپائنی خادمہ موت کے گھاٹ اُتری ہے، جس کی وجہ سے اسے پھانسی کی سزا دی گئی ہے۔