اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا انٹرمیڈیٹ گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء کے تمام گروپس کے ان اہل اور خواہشمند ریگولر اور پرائیویٹ امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کیلئے تاریخوں کا اعلان

منگل 5 جنوری 2021 00:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2021ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء کے تمام گروپس کے ان اہل اور خواہشمند ریگولر اور پرائیویٹ امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کیلئے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جو پہلی دفعہ گیارہویں جماعت کے امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں اور انٹربورڈ کراچی میں انرولمنٹ یا رجسٹریشن فارم جمع کرواچکے ہیں۔

بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبرBIE/EG/01/2021کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2021ئ میں شرکت کے اہل گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم بروزمنگل 5جنوری 2021ء سے 2 مارچ 2021ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کالجز اور ہائیرسیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بروز بدھ 3مارچ اوربروز جمعرات 4 مارچ کو بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔ یاد رہے رواں سال بھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں،تاریخ گزرنے کے بعد اور انرولمنٹ فارم جمع کروائے بغیر امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔

بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/02/2021 کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات 2021ء میں شرکت کے اہل پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے امیدوار اپنے امتحانی فارم 2100 روپے فیس کے ساتھ بروز منگل 5جنوری سی2فروری 2021ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز جمعرات 4فروری 2021ء کو بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے جو طلباء کسی ناگزیر وجہ سے اپنے امتحانی فارم درج بالا تاریخوں میں جمع نہیں کرواسکیں وہ اپنے امتحانی فارم 500روپے لیٹ فیس (2100+500 = 2600) کے ساتھ بروز بدھ 3فروری سے 17فروری 2021ء تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس (2100+1000 = 3100) کیساتھ بروز جمعرات 18فروری سے بروز منگل 2 مارچ 2021ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

تاریخ گزرنے کے بعد اور انرولمنٹ فارم جمع کروائے بغیر امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/03/2021کے مطابق کامرس اور آرٹس گروپس کے پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم 2100روپے فیس کے ساتھ بروز منگل 5جنوری سے 9فروری 2021ء تک جمع کرواسکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانات میں شرکت کے خواہشمند امیدوار امتحانی فارم اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے مکمل طور پر بھرکر 17یا زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر سے تصدیق کروائیں اور ضروری دستاویزات منسلک کرنے کے بعد UBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں امتحانی فیس جمع کروائیں گے۔

امتحانی فارم اور جمع کردہ فیس کا واؤچر اسی دن کسی بھی کوریئر سروس سے دی سیکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی نارتھ ناظم آباد کراچی کے پتے پربھیج دیں۔ فارم مکمل طور پر نہیں بھرا ہوا یاضروری دستاویزات منسلک نہیں کی گئیں تو بورڈ ذمہ دار نہیں ہوگا اور فیس واپس نہیں کی جائے گی۔امتحانی فارم کے ساتھ میٹرک کی مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی، رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی یا رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی سلپ کی کاپی بھی لازمی لگانی ہوگی۔

جو طلباء ناگزیر وجوہات کی بناء پر درج بالا تاریخوں میں امتحانی فارم جمع نہیں کرواسکیں وہ 500 روپے لیٹ فیس (2100+500 = 2600) کے ساتھ بروز بدھ 10فروری سے 10مارچ 2021ء تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس (2100+1000 = 3100) کے ساتھ بروز جمعرات 11مارچ سے بروز بدھ 31مارچ 2021ء تک اپنے امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں

متعلقہ عنوان :