ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کا پرائیویٹ رہائشی سکیموں کا دورہ

پرائیویٹ رہائشی سکیموں میںمنظور شدہ سکیم پلانز اور پلاننگ سٹینڈر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے‘ ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ

جمعہ 8 جنوری 2021 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2021ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑنے ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں سڑکیں طے شدہ معیار کے مطابق تعمیر کی جائیں ، سکیموں کا ماحول بہتر بنانے کے لئے پارک ڈویلپ کئے جائیں اورمفاد عامہ اور دیگر مقاصد کے لئے مختص پلاٹوں کا درست استعمال یقینی بنایا جائی- پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں بنیادی رہائشی سہولتوں کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ اور جوڈیشل واٹر کمیشن کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑنے عبدالستار ایدھی روڈ پر واقع پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن ون اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سوسائٹی کا دورہ کیا-اس موقع پر چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی اور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے ان سکیموں میں ایکوافر چارجز کی وصولی اور واٹر پمپنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا،ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں میںمنظور شدہ سکیم پلانز اور پلاننگ سٹینڈر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائی- ان سکیموں میں منظور شدہ تعداد سے زیادہ اور غیر قانونی لگائے جانے والے واٹر پمپس کی نشاندہی کی جائے۔

اورپرائیویٹ رہائشی سکیموں میں پانی کی غیر قانونی پمپنگ کے خلاف کارروائی کے لئے قوانین کا جائزہ لیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ غیر قانونی رہائشی سکیموں اور منظور شدہ سکیموں کی طرف سے سکیم پلانز کی خلاف ورزیوں پر کارروائی اور مسائل کے حل کے لئے تجاویز تیار کی جارہی ہیں۔پرائیویٹ سکیموں اور افراد کی طرف سے غیر قانونی پمپنگ کے خلاف کارروائی کے لئے سفارشات تیار کی جارہی ہیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پانی کی غیر قانونی پمپنگ کی روک تھام اور اسے آئندہ نسلوں کے لئے بچانے کی خاطر اقدامات کئے جائیں۔