خرم منظور زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے دوسرے قومی بلے باز بن گئے

اوپنر نے سینٹرل پنجاب کیخلاف 25ویں لسٹ اے سنچری بنائی، سعید انور 26 سنچروں کے ساتھ سرفہرست

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 جنوری 2021 13:57

خرم منظور زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے دوسرے قومی بلے باز بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے اوپنر خرم منظور لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ۔ پاکستان کپ میں سینٹرل پنجاب کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خرم منظور نے سندھ کی جانب سے 119 رنز کی باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 25 ویں سنچری تھی ،وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنیوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔

35 سالہ خرم منظور اب تک 148 لسٹ اے میچز کی 147 اننگز میں 53.39 کی اوسط سے 7101 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 25 سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26 سنچریوں کیساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنیوالے ملکی بلے باز ہیں۔

(جاری ہے)

سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، قومی کپتان بابراعظم نے 22 سنچریاں سکور کرکے چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے ، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے چھٹی جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18سنچریاں سکور کرکے 7ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ 17 سنچریوں کے ساتھ 8 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، اوپنر احمد شہزاد ،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 9 ویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔