سنتھیا رچی کی جانب سے لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کا ڈراپ سین

سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور امریکی بلاگر کا ایک دوسرے خلاف مقدمے واپس لینے کا فیصلہ

بدھ 13 جنوری 2021 23:18

سنتھیا رچی کی جانب سے لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کا ڈراپ سین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2021ء) سنتھیا رچی کی جانب سے لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کا ڈراپ سین، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور امریکی بلاگر کا ایک دوسرے خلاف مقدمے واپس لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور امریکی خاتون سنتھیارچی نے ایک دوسرے خلاف دائر مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ۔

سنتھیارچی اور رحمٰن ملک نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز واپس لینے کیلئے باقاعدہ درخواستیں دائر کردی ہیں۔امریکی خاتون اور رحمٰن ملک کے وکلاء نے مقدمات کی واپسی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی ہیں۔ امریکی بلاگر سنتھیارچی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ کے خلاف دائر زیادتی کے اپنے مقدمے کو واپس لینے کے لیے وکیل کو ہدایت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل عمران فیروز نے امریکی خاتون کی طرف سے زیادتی کے مقدمے کی واپسی کی ہدایت کی تصدیق کی۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے بھی سنتھیارچی کے خلاف اپنی اندراجِ مقدمہ کی درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے۔ امریکی خاتون اور سابق وزیر داخلہ کی متفرق دارخواستوں پر جمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق فریقین کی درخواستوں پر سماعت کریں گے۔

یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی بکاگر سنتھیا رچی نے کچھ عرصہ قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ امریکی بلاگر نے الزام عائد کیا کہ تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں رحمٰن ملک نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔