ایران نے بحری جہاز کے بدلے جنوبی کوریا سے منجمد رقوم واگزار کرنے کا مطالبہ کردیا

ایران نے جنوبی کوریا کے ایک بحری جہاز کے بدلے میں سیول حکومت کو بلیک میل کرنا شروع کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 14 جنوری 2021 01:03

ایران نے بحری جہاز کے بدلے جنوبی کوریا سے منجمد رقوم واگزار کرنے کا ..
سیول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2021ء) ایران نے بحری جہاز کے بدلے جنوبی کوریا سے منجمد رقوم واگزار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے چند روز قبل یرغمال بنائے گئے جنوبی کوریا کے ایک بحری جہاز کے بدلے میں سیول حکومت کو بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران نے گذشتہ ہفتے یرغمال بنائے ایک بحری جہاز کو چھوڑنے کے بدلے میں ایران نے جنوبی کوریا سے منجمد رقوم کو واگزار کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک طرف ایران یرغمال آئل ٹینکر کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دینے پر زور دے رہا ہے اور دوسری طرف اس نے پکڑے گئے جہاز کے بدلے میں جنوبی کوریا کی جانب سے منجمد اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا کی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبررساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جنوبی کوریا اور تہران کے مابین مذاکرات میں پیشرفت کے اشارے بہت کمزور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران سیول میں منجمد رقوم کو واگزار کرانے کا مطالبہ کررہا ہے۔ پیر کے روز ایران نے "ہینکوک چیمی" ٹینکر کو یرغمال بنانے کے معاملے پر سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ایران نے امریکا اور فرانس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہ کریں۔ فرانس اور امریکا نے ایران سے یرغمال آئل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔ دوسری جانب ایران نے سرکاری طورپر ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ وہ یرغمال بنائے گئے جنوبی کوریائی بحری جہاز کو رقوم کے حصول میں استعمال کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :