نالائق حکمرانوں کی فیصلہ سازی میں تاخیر کی بنا پر زرعی ملک کپاس،چینی، گندم تک درآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے،سید ناصر شاہ

گل مک گئی اے، ہمارے دوست چن صاحب بھی وفاقی کابینہ کو خیر باد کہہ گئے ہیں، تربیتی پروگرام افسران کی پیشہ و رانہ مہارت بڑھانے اور جدید تقاضوں کے عین مطابق عوام کو خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں،تقریب اور میڈیا سے بات چیت

جمعہ 15 جنوری 2021 16:08

نالائق حکمرانوں کی فیصلہ سازی میں تاخیر کی بنا پر زرعی ملک کپاس،چینی، ..
ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نالائق حکمرانوں کی فیصلہ سازی میں تاخیر کی بنا پر زرعی ملک کپاس،چینی، گندم تک درآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے،گل مک گئی اے، ہمارے دوست چن صاحب بھی وفاقی کابینہ کو خیر باد کہہ گئے ہیں، تربیتی پروگرام افسران کی پیشہ و رانہ مہارت بڑھانے اور جدید تقاضوں کے عین مطابق عوام کو خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم یہ تربیتی پروگرام کے شرکاء پر منحصر ہے کہ وہ اس سے کتنا مستفید ہو تے ہیں اور حاصل معلومات اپنے فرائض کی انجام دہی میں کس حد تک بروئے کار لاتے ہیں۔

یہ خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں تربیتی پروگرام کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پانی، صفائی، حفضان صحت پالیسیاں، نظام اور خدمات کی فراہمی کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد واٹر ایڈ پاکستان نے محکمہ بلدیات سندھ کے تعاون سے کیا تھا جس میں سندھ سول سروسز اور لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ٹنڈو جام ، لوکل گورنمنٹ اینڈ ہاؤس ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، واٹر اینڈ سیینیٹیشن اتھارٹی حیدرآباد اورسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم تو کہتے تھے کہ یہ سیاسی لوگوں کی جماعت نہیں،پی ٹی آئی ٹیکنوکریٹس کا ٹولا ہے، جن کو عوام کی تکالیف سے کوئی غرض نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ خان صاحب کی جماعت میں تھوڑا بھی عوامی پس منظر رکھنے والے افراد پریشان ہیں۔آہستہ آہستہ کرکے خان صاحب کو سب چھوڑ کر جا رہے ہیں۔آخر میں بس خان صاحب اور شیرو ہی رہ جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ دو مرتبہ ضلع ناظم کی حیثیت سے بہت سے تربیتی پروگراموں میں شرکت کر چکاہوں، انہوں امید کا اظہار کیا کہ سرکاری افسران تربیت سے حاصل معلومات کو بروئے کار لائیں گے اور نچلی سطح پر اپنے شعبوں میں خدمات کی فراہمی میں بہتری لائیں گے اور اپنے تجربے کو آگے بڑھاتے ہوئے دوسروں تک پہنچائیں گے۔

صوبائی وزیرنے واش سیکٹر میں واٹر ایڈ پاکستان کے تعاون کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر واٹر ایڈ پروگرام کے ہیڈ منور حسن نے کہا کہ واٹر ایڈ پانی اور صفائی ستھرائی کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور سرکاری شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی اور صفائی ستھرائی پاکستان کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے وعدوں اور ایس ڈی جی اہداف کا ایک اہم حصہ ہے۔ تربیت کے اختتام پر مہمان خصوصی وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔