ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ حارث رﺅف کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت پر سب حیران

قائد اعظم ٹرافی کے ٹاپ پرفارمر زاہد محمود کو بھی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے منتخب نہ کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 جنوری 2021 11:45

ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ حارث رﺅف کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت پر سب حیران
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ باﺅلر حارث رﺅف کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 20 رکنی قومی سکواڈ میں شامل کر لیا، اس سلیکشن کو حیران کن قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ حارث رﺅف نے اب تک اپنے کیریئر میں صرف 3 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کی دریافت حارث رﺅف کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا جس کے بعد آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) فرنچائز میلبورن سٹارز کیساتھ ان کا معاہدہ ہوا اور انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں دھوم مچانے کے بعد قومی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کی ۔

حارث رﺅف ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے لیکن اب تک صرف 3 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 444 گیندیں کرواکر 39.28 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کرپائے ہیں اور طویل ترین کرکٹ فارمیٹ کے میچز کیلئے درکار فٹنس کے حوالے سے بھی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لیگ سپنر زاہد محمود بھی قائد اعظم ٹرافی میں بہترین باﺅلنگ کے باوجود سلیکٹرز کی توجہ نہیں حاصل کرسکے جنہوں نے 10 میچز میں 52 وکٹیں لیں اور ٹاپ باﺅلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے ، چیف سلیکٹر محمد وسیم نے زاہد محمود کے ٹیسٹ سکواڈ میں عدم انتخاب پر کہا کہ زاہد محمود سلیکٹرز کے پلان کا حصہ ہیں، میٹنگ میں ان پر بات چیت بھی ہوئی، مستقبل میں انہیں بھی موقع دیں گے۔