وزیراعظم کی کورونا ویکسین کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

اللہ کا شکرہےکہ کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی، ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگیا، این سی اوسی کا ماڈل انتہائی کامیاب رہا، پاکستان واحد ملک ہے جہاں مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے غریب اور دیہاڑی دار طبقات کا سوچا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 جنوری 2021 21:11

وزیراعظم کی کورونا ویکسین کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 جنوری 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی، ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگیا،این سی اوسی کا ماڈل انتہائی کامیاب رہا، پاکستان واحد ملک ہے جہاں کورونا وباء میں مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے غریب اور دیہاڑی دار طبقات کا سوچا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا ویکسین کے حصول سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیرخزانہ نے کورونا کے پاکستان اور دنیا کی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو معاون خصوصی صحت اور اسد عمر نے بھی بریفنگ دی، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چند دنوں میں 2 ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی، ان منظورشدہ ویکسین کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے، سال کی پہلی سہ ماہی مارچ میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ویکسین کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اللہ کا شکرہے کہ کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی، ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگیا۔ این سی اوسی کا ماڈل انتہائی کامیاب رہا، مئوثر حکمت عملی کا نفاذ ممکن ہوا۔حکومت سنبھالتے ہی کٹھن فیصلے کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے کورونا وباء میں غریب کا سوچا، حکومتی پالیسی کا محور غریب اور دیہاڑی دار طبقہ ہے،مکمل لاک ڈاؤن کرتے تو بھیانک نتائج نکلنے تھے، بھارت میں کورونا وباء کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہوا۔

اسد عمر نے بتایا کہ وزیراعظم کے بروقت فیصلے کی وجہ سے 95 فیصد لوگوں کو روزگار بحال ہوا۔ مزید برآں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں اور پہلے مرحلے میں ویکسی نیشن کیلئے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن ہوگئی ہے۔  تمام اضلاع کی189ہسپتالوں میں637 اسٹاف ممبران کی ٹریننگ بھی مکمل ہوچکی ہے، پہلے مرحلے کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔