ایک ایک کر کے سب کو ریلیف ملنے لگا

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول کو بھی اہم ترین کیس میں بری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 جنوری 2021 21:26

ایک ایک کر کے سب کو ریلیف ملنے لگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2021ء) ایک ایک کر کے سب کو ریلیف ملنے لگا، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول کو بھی اہم ترین کیس میں بری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول اور دیگر کو فائرنگ کے کیس سے بری کردیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں ہوئی کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے موقف اختیار کیا کہ پی پی رہنما نبیل گبول پر چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر فائرنگ کرنے کا الزام تھا۔

بیرسٹر عطا کھوسہ نے دوران سماعت کہا کہ فریقین کی صلح ہوچکی ہے، اس لیے نبیل گبول کی بریت پرکوئی اعتراض نہیں ہے۔ عدالت نے نبیل گبول کی درخواست بریت منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل پیپلز پارٹی سے تعلقات کیلئے مشہور بدنام زمانہ کرمنل عزیر بلوچ کو بھی کئی مقدمات میں بری کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک ہفتہ قبل ملزم عزیر بلوچ کو سخت حفاظتی انتظامات میں جوڈیشل کمپلیکس ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

قتل کے کیس میں عزیر بلوچ سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا جبکہ قتل کس نے کیا اس حوالے سے استغاثہ خاموش ہے۔ عزیر بلوچ کے وکیل کے مطابق قتل کے مقدمے کا کوئی چشم دید گواہ عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ نامعلوم شہری کی لاش پولیس کو ملی لیکن مقتول کی کوئی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ قتل کی واردات 13مارچ 2013ء کو کلری کے علاقے میں ہوئی۔ عدم ثبوتوں کی بنیاد پر عدالت نے عزیر بلوچ کو ایک اور مقدمے میں بری کر دیا۔ اس سےقبل بھی کراچی کی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف تین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عزیر بلوچ کو ان مقدمات میں بری کر دیا تھا۔