قومی احتساب بیورو نے چوہدری برادران کے خلاف تحقیقات بند کر دیں

لاہور ہائیکورٹ نے درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جنوری 2021 10:49

قومی احتساب بیورو نے چوہدری برادران کے خلاف تحقیقات بند کر دیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2021ء) : قومی احتساب بیورو نے چوہدری برادران کے خلاف تحقیقات بند کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کی چیئرمین نیب کے اختیارات سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ کے پیش ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قومی احتساب بیورو نے چوہدری برادران کے خلاف انکوائری بند کردی ہے۔ عدالت عالیہ نے درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیں۔ واضح رہے کہ چوہدری برادران نے چیئرمین نیب کے اختیارات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ سیاسی انجینئرنگ کرنے والے ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب کا 19 برس پرانے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا جائے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ چیئرمین نیب نے ہمارے خلاف 19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اس سے قبل بھی نیب نے 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں لیکن ناکام ہوا۔

چوہدری برادران نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیارکیا تھا کہ نیب کی تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بهی دے چکی ہیں، ہمارا سیاسی خاندان ہے اور ہمیں سیاسی طور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے درخواست میں مزید کہا تھا کہ چیئرمین نیب کو 20 سال پرانی اور بند کی جانے والی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں ہے۔ انکوائری کو انویسٹی گیشن میں اپ گریڈ کرنا غیر قانونی ہے۔ جس کے بعد آج چوہدری برادران کے خلاف نیب نے تمام تحقیقات بند کرنے سے متعلق عدالت عالیہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔