پولیس کو پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے روک دیا گیا

اسلام آبادہائیکورٹ نے کنول شوزب کےخلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم معطل کر دیا ، ایس ایچ اوتھانہ شالیمارکونوٹس جاری کرکے کل طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 جنوری 2021 18:22

پولیس کو پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے روک دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2021ء) حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ایم این اے کنول شوزب کےخلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم معطل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ اطہر من اللہ کی طرف سے پولیس کو پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے روک دیا گیا ، عدالت نے کنول شوزب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم معطل کرتے ہوئے ایس ایچ اوتھانہ شالیمارکونوٹس جاری کرکےکل طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی کنول شوذب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا ، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب درخت کٹوانے پر مشکل میں پڑ گئیں ، پڑوسی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ کنول شوذب نے درخت کاٹنے پر گارڈ کے ہمراہ زدوکوب کیا ، عبدالرحمن نامی شہری نے کنول شوذب کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ کنول شوذب نے بیوی پر تشدد کیا اور موبائل چھین لیا ، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کنول شوذب نے ایف الیون میں گھر خریدا اور اردگرد کے متعدد درختوں کی کٹائی کی ، سی ڈی اے کو درخواست دی کہ کنول شوذب کو درختوں کی کٹائی سے روکا جائے ، کنول شوذب گارڈ اور ڈراییور کے ہمراہ ہمارے گھر میں داخل ہوئی اور میری اہلیہ کو زدوکوب کیا ،عدالت کو دی گئی درخواست میں شہری نے یہ بھی کہا کہ کنول شوذب نے میری اہلیہ کا موبائل توڑ دیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

بعد ازاں کنول شوذب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی اور سیشن کورٹ نے پولیس کو کنول شوذب پر لگے الزمات کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ، عدالت نے بزرگ شہری راجہ عبدالرحمان کی درخواست پر تھانہ شالیمار کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی ایم این اے کنول شوزب کےخلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم معطل کردیا گیا ، واضح رہے کہ کنول شوذب حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی متحرک خاتون رہنما ہیں اور مختلف پیلٹ فارمز پر اپنی پارٹی کا خوف دفاع بھی کرتی ہیں۔