جدہ میں 11 پاکستانی18 لاکھ ریال کی چوری کی وارداتیں کرنے پر گرفتار کر لیے گئے

13 افراد کا گینگ زیر تعمیر عمارات سے الیکٹرک کیبلز اور کاپر کٹنگ کے آلات چوری کرنے میں ملوث تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جنوری 2021 15:57

جدہ میں 11 پاکستانی18 لاکھ ریال کی چوری کی وارداتیں کرنے پر گرفتار کر ..
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2021ء) سعودی عرب میں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ جو سالانہ اربوں روپے کا زر مبادلہ پاکستان کو بھیج کر اس کی کمزور معیشت کو بڑا سہارا دے رہے ہیں، وہیں سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں بھی ان کا بڑا کردار ہے۔ تاہم مملکت میں مقیم چند سو مجرمانہ خصلت کے پاکستانیوں کی جانب سے آئے روز چوری، ڈکیتی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی وجہ سے باقی کے لاکھوں پاکستانی تارکین کو بھی سُبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک ہفتے میں عام طور پر پاکستانیوں کی جانب سے پانچ سات وارداتوں کی خبریں سامنے آنا معمول بنا چکا ہے۔ ابھی گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں پاکستانی کی چوری کی واردات کی خبر آئی تھی کہ اب جدہ میں بھی 13 افراد پر مشتمل جرائم پیشہ گینگ پکڑا گیا ہے، جن میں سے 11 پاکستانی، 1 بھارتی اور 1 سوڈانی ہے۔

(جاری ہے)

جدہ پولیس کے مطابق یہ افراد بجلی کی کیبل چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، جن کا پولیس نے بالآخر سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

جدہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے بتایا کہ گرفتار افراد کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ یہ افراد زیر تعمیر عمارات سے الیکٹرک کیبلز اور کاپر کاٹنے والے آلات چُراتے تھے۔ اب تک یہ مختلف وارداتوں میں 18 لاکھ 80 ہزار دریال کی مالیت کا سامان لوٹ چکے تھے۔ ملزمان نے ریاض کے مختلف علاقوں میں وارداتیں انجام دیں۔ پولیس کے مطابق گروہ کے تمام افراد قابو میں آ گئے ہیں، جن پر مقدمہ چلانے کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت پُرامن اور محنتی ہے تاہم چند سو لوگ ایسے ہیں جن کی جرائم پیشہ سرگرمیاں پوری کمیونٹی کو شرمسار کر دیتی ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ چند روز قبل مکہ مکرمہ میں پیش آیاتھا جہاں تین پاکستانیوں اور ایک سعودی پر مشتمل چار افراد کے گینگ کو ڈکیتی اور تشدد کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے پاس موجود رقم چھین لی تھی۔

مکہ پولیس کے ترجمان میجر محمد الغامدی نے بتایا کہ پولیس نے ڈکیتیوں میں ملوث ایک گینگ کو گرفتار کیا ہے جس کے تین افراد کا تعلق پاکستان سے جبکہ چوتھے کا تعلق سعودیہ سے ہے۔ ملزمان کی عمریں 30 سے 45 سال کے درمیان ہیں۔ ان ملزمان نے ایک تارکِ وطن کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا اور پھر اس کے پاس موجود 1 لاکھ 40 ہزار ریال کی بھاری رقم چھین کر فرار ہو گئے۔ یہ رقم متاثرہ شخص کو اس کے مالک نے کسی دفتری کام کے سلسلے میں دی تھی۔ پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا اور انہیں مزید تفتیش کے لیے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا ہے۔