انڈسٹریل زون اہم جگہ پر ہائی وے پر واقع ہے ائیرپورٹ 10 منٹ کے فاصلے پر ہے، انڈسٹریل زون میں گیس لانے کی کوشش کر رہے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ

پلاٹس صرف صنعتکاروں میں میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے، ایسے منصوبوں سے صوبے کی آمدنی بڑھے گی، افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2021 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) وزیر اعلی سندھ نے انڈسٹریل اسٹیٹ زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں کے انہوں نے منصوبے کے افتتاح کے لیے وقت نکالا، انڈسٹریل زون اہم جگہ پر ہائی وے پر واقع ہے ائیرپورٹ 10 منٹ کے فاصلے پر ہے، انڈسٹریل زون میں گیس لانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کا پہلا حق ہے، خیرپور میں بھی اکانمیک زون زیر تعمیر ہے، سندھ صنعتکاری میں کافی پیچھے رہا ہے جس پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت سندھ کے عوام کا حق ہے کہ انہیں پہلے گیس ملے ہم اس پر عملدرآمد کروائیں گے، انڈسٹریل اسٹیٹ زون کو بھی اسپیشل اکانومک زون کی کیٹیگری میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہاکہ پلاٹس صرف صنعتکاروں میں میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے، ایسے منصوبوں سے صوبے کی آمدنی بڑھے گی، انہوں نے کہا کہ فرنس آئل پر بجلی گھر چلاتے ہیں جس کے باعث بجلی مہنگی ہوئی ہے، وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی گیس اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو مسترد کرتے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کرتا ہوں، وفاق اس صوبے میں ترقی نہیں چاہتا، انہوں نے خود کچھ نہیں کرنا اور سب پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت مہنگائی کے طوفان سے عوام کو چھٹکارا دیں یا پھر سائیڈ پر ہوجائیں۔