حیدرآبا دمیں دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات میں 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) حیدرآبا دمیں دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات میں 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔ قاسم آباد کے علاقے علی پیلس کے قریب پلاسٹک کے برتنوں او رکھلونوں کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے باعث دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر اور پلاسٹک کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا تاہم کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا۔ آگ کی لپیٹ میں آکر دو افراد شعیب اور عبدالشکور جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال حیدرآباد کے برنس وارڈ میں داخل کرادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آگ لگنے کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔

جبکہ آتشزدگی کے دوسرے واقعے میں پٹھان کالونی جھاڑیوں میں آگ لگ گئی جس نے قریب کے علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو قاسم آباد میں پلاسٹک کے سامان کی دکان میں اچانک آگ لگنے کے واقعہ کا جائزہ لینے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اس موقع پر انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا حسین سومرو کو انکوائری کر کے واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ہفتہ کی دوپہر قاسم آباد علی پیلس کے قریب موجود پلاسٹک کے سامان کے دکان میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے دوسری جانب واقعہ کی خبر ملتے ہی فائر برگیڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :