سینیٹر سراج الحق کی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر

کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے، پاکستان اسٹیل مل ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا، معیشت میں اس کا اہم کردار تھا، امیر جماعت اسلامی

اتوار 24 جنوری 2021 18:50

سینیٹر سراج الحق کی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر کردی۔اسٹیل ٹائون کراچی میں ملازمین کے دھرنے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کہتے ہیں ہم نے ہر مزدور کو 5 لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔انہوں نے گورنر عمران اسماعیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو 50 لاکھ روپے دیتے ہیں، آپ گورنر ہائوس چھوڑ دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے، پاکستان اسٹیل مل ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا، معیشت میں اس کا اہم کردار تھا۔انہوںنے کہاکہ ظالم درندوں اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے آج اسٹیل مل تباہ و برباد ہوگیا۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ادارے کی ناکامی کے ذمے داران کے خلاف تحقیقات کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مظلوم ملازمین کو بے روزگار کیا اور کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے پاکستان اسٹیل مل سے متعلق سینیٹ میں قرارداد پیش کی، سینٹ میں سوالات اٹھائے، جس پر بیوروکریسی اور حکومت جوابات نہ دے سکی۔اٴْن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پاکستان اسٹیل مل کے مزدوروں کے پشت پر موجود ہے، وزیر اعظم عمران خان بتائیں کہ قوم کے نوجوان کیوں بے روزگار ہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ آج ملک میں ظلم کا نظام قائم ہے، ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ ملازمتیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آنے کے بعد برسرروزگار سے ہی روزگار چھین لیا گیا، اسٹیل مل ملازمین نے اپنی ساری زندگی وقف کردی، آج انہیں بے روزگار کردیا گیا۔