مظفر آباد:2مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت 8 افراد جاں بحق ،6زخمی

دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پہ برف باری کے بعد جمے کورے پر پھسلن کے باعث پیش آئے،پولیس وزیراعظم آزاد کشمیر کا ٹریفک سڑک کے حادثات میں آٹھ افراد کی ہلاکت،چھ دیگر کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس، جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتابی کی دعا عوام بارش و برف باری سے متاثرہ پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 25 جنوری 2021 21:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2021ء) آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کے نواح میں علی الصبح دو مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پہ برف باری کے بعد جمے کورے پر پھسلن کے باعث پیش آئے۔ پہلا حادثہ صبح سات بجے پیش آیا جب ایک ہائی ایس ویگن پھسلن کے باعث تولہ کے مقام پر سڑک سے دو سو گز نیچے ایک کھیت میں جا گری۔

دچھور فقیراں سے گڑھی ڈوپٹہ قصبہ میں آنے والی اس ہائی ایس میں ڈرائیور سمیت چھ افراد سوار تھے۔حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور مراد عباسی، سائیں خان اور اقرا بی بی دختر شبیر عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رفیق عباسی، کبیر عباسی اور نثار عباسی زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار ظہیر احمد کے مطابق دوسرا حادثہ ایک جیپ کو موری موڑ نامی مقام پر صبح 9 بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ست پِہالی گاوں سے مرکزی شاہراہ پر واقع کرولی گاوں آرہی تھی، یہ حادثہ بھی کورے پر پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا حادثہ پہلے حادثے سے زیادہ خوفناک تھا کیونکہ اس میں گاڑی پتھریلی ڈھلوان پر لڑھکتی ہوئی دو سو گز نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیوی سمیت تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔جان بحق ہونے والوں میں سکینہ بی بی، ان کا بیٹا احسان، غلام رسول، خالد اور عبداللہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور الطاف، محمد صدیق اور ان اہلیہ خطیم بی بی شامل ہیں۔

۹دریں اثنا آزادکشمیر کے وزیراعظم نے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹریفک سڑک کے حادثات میں آٹھ افراد کی ہلاکت اور چھ دیگر کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتابی کی دعا کی۔انہوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ بارش و برف باری سے متاثرہ پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔واضح رہے کہ موسم سرما میں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور بارش کے باعث ہونے والی پھسلن جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے اکثر خطرناک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔