کھوکھر پیلس گرانے کے بعد پنجاب حکومت کا ن لیگ کے 50 قبضہ گروپوں کیخلاف کاروائی کا فیصلہ

کھوکھر برادران کے بعد اب خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف،خرم دستگیر سمیت دیگر کی باری، فہرست تیار کر لی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 26 جنوری 2021 00:50

کھوکھر پیلس گرانے کے بعد پنجاب حکومت کا ن لیگ کے 50 قبضہ گروپوں کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2021ء) کھوکھر پیلس گرانے کے بعد پنجاب حکومت کا ن لیگ کے 50 قبضہ گروپوں کیخلاف کاروائی کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ن لیگ کے قبضہ گروپوں کیخلاف بڑے کریک ڈاون کا آغاز کر دیاہے۔ پنجاب حکومت نے کھوکھر برادران کے بعد اب خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف،خرم دستگیر، میاں جاوید لطیف، محسن شاہنواز رانجھا، چوہدری تنویر، سیف الملوک کھوکھر، میاں نصیر، سہیل شوکت بٹ، رانا مبشر، دانیال عزیز، وحید گل سمیت 50 لیگی رہنماوں کی فہرست تیار کی ہے۔

ان رہنماوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اربوں روپے کی سرکاری زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ فہرست وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوائی گئی جنہوں نے آپریشن کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

ان مبینہ قبضہ گروپوں کیخلاف صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ قبضہ گروپوں کیخلاف آپریشن کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا کلچر کھوکھر برادران نے متعارف کرایا۔

سرکاری سرپرستی میں انہوں نے قبضے کئے،لاہور پنجاب سمیت ملک بھر میں جہاں بھی قبضے کئے سب واگزار کرائیں گے۔ ان کی سرپرستی مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور ایم پی اے نے کی،شاہی خاندان نے انہیں ہمیشہ قبضے کے لئے مدد فراہم کی۔ کھوکھر برادران مسلم لیگ ن کا چہرہ ہیں، ان کی سیاسی جلسے جلوس اور فنڈنگ کھوکھر برادران کر رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا ہے کہ کھوکھر برادران نے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچایا، سرکاری افسران کی مدد سے 402 کنال زمین ہم نے واگزار کروالی ہے۔ مافیا نے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائی ہیں، سرکاری زمینوں پر تجاوزات قائم کی ہیں۔ ان سب سے قبضے کی زمینیں واپس لی جائیں گی۔