سعودی عرب لگاتار تین روز گرد آلود ہواؤں اور بارش کی لپیٹ میں رہے گا

مکہ، مدینہ، عسیر، جازان، باحہ اور حائل سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جنوری 2021 12:45

سعودی عرب لگاتار تین روز گرد آلود ہواؤں اور بارش کی لپیٹ میں رہے گا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جنوری2021ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین مقامات میں ہوتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں یہاں کے بعض علاقوں میں اتنی گرمی پڑتی ہے کہ دُنیا بھر میں سب سے زیادہ گرمی یہیں پر ریکارڈ کی جاتی ہے۔ تاہم اس بار سعودی عرب میں سردی اور بارش بھی ریکارڈ توڑ ہو رہی ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ موسمیا ت نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ جمعرات سے لے کر ہفتہ تک مسلسل تین روز سعودیہ کے تین ریجنز میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

گرد کی یہ آندھی مکہ ریجن، مدینہ ریجن اور تبوک کے بیشتر علاقوں میں ڈیرے ڈالے رکھے گی۔ اس کے علاوہ جنوب مغربی اور وسطی علاقے بھی گرد آلود ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ساتھ تین روز کے دوران بارش کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

بارش کا یہ سلسلہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ، حائل، باحہ، عسیر، جازان ، قصیم اور حدود شمالیہ میں جاری رہے گا۔

کچھ مقامات پر موسلا دھار، کہیں درمیانی اور کہیں بارش ہو گی۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے چار روز کے دوران خراب موسم کی صورت میں گھروں سے بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر موسم کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اطلاع دی جاتی رہے گی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔

کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔