عمران فرحت کا 15 ویں لسٹ اے سنچری کے ساتھ 23 سالہ طویل کیرئیر کا اختتام

سابق اوپنر اب کوچنگ میں کیریئر بنائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 27 جنوری 2021 16:11

عمران فرحت کا 15 ویں لسٹ اے سنچری کے ساتھ 23 سالہ طویل کیرئیر کا اختتام
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2021ء ) ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت نے 23 سالہ طویل ترین کیرئیر کا اختتام لسٹ اے کرکٹ میں 15ویں سنچری کے ساتھ کرلیا،وہ پاکستان کے لیے زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانیوالے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ پاکستان کپ میں 38 سالہ عمران فرحت نے بلوچستان ٹیم کی قیادت کی ۔ عمران فرحت نے 2001ء سے 2013ء کے دوران 40 ٹیسٹ میچوں میں 32 کی اوسط سے 2400 رنز سکور کئے جس میں 3 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں شامل تھیں ، اوپنر نے 58 ایک روزہ میچوں میں 30.69 کی اوسط سے 1719 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچریاں شامل تھیں ، 2010ء سے 2011ء کے دوران 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں عمران فرحت صرف 76 رنز بنا پائے۔

عمران فرحت نے 99-1998ء میں پروفیشنل کیریئر کے آغاز کے بعد 230 فرسٹ کلاس میچوں میں 42.83 کی اوسط سے 15790 رنز سکور کیے جس میں 38 سنچریاں اور 72 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

(جاری ہے)

222 لسٹ اے میچز میں ان کے رنز کی تعداد 7572 ہے جو انہوں نے 36.40 کی اوسط سے بنائے، انہوں نے 15 لسٹ اے سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں ۔ عمران فرحت نے 69 ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 2 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1636 رنز سکورکر رکھے ہیں ۔

عمران فرحت نے 2 ماہ قبل ہی ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا تھا۔ لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز خرم منظور کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 27 سنچریاں سکور کررکھی ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔ سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، قومی کپتان بابراعظم نے 22 سنچریاں سکور کرکے چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے ، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے چھٹی جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے 7ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ 17 سنچریوں کے ساتھ 8 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، اوپنر احمد شہزاد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 9 ویں اور سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔