نعرہ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان اور ترکی کے فوجی ایکشن میں آگئے

دونوں برادر اسلامی ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں اتاترک الیون کا آغاز، مشقیں 3 ہفتے تک جاری رہیں گی

muhammad ali محمد علی منگل 9 فروری 2021 19:25

نعرہ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان اور ترکی کے فوجی ایکشن میں آگئے
منگلا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 فروری 2021ء) نعرہ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان اور ترکی کے فوجی ایکشن میں آگئے، دونوں برادر اسلامی ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں اتاترک الیون کا آغاز، مشقیں 3 ہفتے تک جاری رہیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فوجی مشقوں” اتاترک الیون” کا آغاز ہوگیا ہے۔

مشقوں کی افتتاحی تقریب اسپیشل سروسز گروپ ہیڈ کوارٹرز تربیلہ میں منعقد ہوئی۔ ترک اسپیشل فورسز اور ایس ایس جی ٹروپس تین ہفتوں پر محیط مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے، ان مشقوں میں انسداد دہشت گردی، کلوزکوارٹر بیٹل، کارڈن اینڈ سرچ، ریپلنگ، فائر اینڈ موو، ہیلی کاپٹر ریپلنگ، کمپاونڈ کلیئرنس، فری فال اور یرغمالی رہا کرانے کے حوالے سے ٹیکنیکس شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور ترکی کی یہ فوجی مشقیں دونوں برادر اقوام کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گی، ان مشقوں سے جدید فوجی رجحانات اختیار کرنے اور تعاون میں مدد ملےگی۔ حالیہ کچھ عرصہ کے دوران پاکستان اور ترکی دونوں ممالک نے دفاعی شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دے کر ایک دوسرے کی مزید قربت حاصل کی ہے۔ حال ہی میں ترکی نے پاکستان کیلئے جدید جنگی بحری جہاز کی تیاری کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان ترکی سے ناصرف جدید جنگی بحری جہاز حاصل کر رہا ہے، بلکہ ترکی کی جانب سے تیار کیے جانے والے جدید جنگی ڈرونز کی خریداری پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے ترک صدر طیب اردگان بھی کہہ چکے کہ ترکی اور پاکستان دونوں ایک مشکل ترین جغرافیائی حدود میں واقع ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کو ایک طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ہر سطح پر انتہائی مضبوط ہیں۔