کرس گیل پی ایس ایل 6 کے صرف 2 میچز کے لیے دستیاب ہوں گے

سری لنکا کیخلاف کچھ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں اور اس کے بعد ہم پی ایس ایل میں واپس آنے کیلئے بھی کوشش کرینگے: ویسٹ انڈین بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 فروری 2021 15:18

کرس گیل پی ایس ایل 6 کے صرف 2 میچز کے لیے دستیاب ہوں گے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 فروری 2021ء ) ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل نے انٹرنیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پی ایس ایل 6 کے دوران محدود دستیابی کی تصدیق کی ہے ۔ ایک خصوصی انٹرویو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شامل 41 سالہ کرس گیل کا کہنا تھا کہ وہ شاید صرف 2 پی ایس ایل میچز کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔ کرس گیل کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے میرا پی ایس ایل 6 کا سفر صرف 2 میچز تک محدود رہے گا کیوں کہ میں نہیں جانتا کہ اس کے بعد انٹرنیشنل ڈیوٹی کے سبب کیا ہوگا، مجھے سری لنکا کے خلاف کچھ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں اور اس کے بعد ہم پی ایس ایل میں واپس آنے کے لئے بھی کوشش کرینگے۔

ایونٹ میں کوئٹہ کے پہلے دو میچز بالترتیب 20 اور 22 فروری کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

بائیں ہاتھ کے بلے باز کرس گیل جو پی ایس ایل میں اس سے قبل کوئی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں ، ایونٹ میں اپنے ریکارڈ کو بہتر بنانے کے منتظر ہے۔ جارح مزاج بیٹسمین نے کہا کہ اس بار پاکستانی پرستاروں کیلئے بہترین پرفارم کرنے کیلئے بے تاب ہوں تاکہ وہ بھی جان سکیں کہ ’’یونیورس باس‘‘ ابھی کرکٹ کی دنیا میں موجود ہے، میرے پاس اپنی مہارت اور صلاحیت ثابت کرنے کا بڑا موقع ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پرستاروں اور فرنچائز کیلئے شاندار کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا۔