پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف

بابراعظم اور شرجیل خان کی پی ایس ایل کی تاریخ کی بہترین شراکت داری،شرجیل نے دوسری سنچری سکور کرڈالی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 فروری 2021 20:51

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے چھٹے سیزن کے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور ابتدا میں دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیل پیش کیا لیکن پھر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سکور کوآگے بڑھایا اورنصف سنچریاں بنائیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس میں 100 رنز سے زائد کی یہ تیسری شراکت ہے، شرجیل خان نے 32 گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔ بابراعظم نے دوسرے اینڈ سے 13 ویں اوور میں 39 گیندوں پر چھکے کے ساتھ نصف سنچری مکمل کی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر نے شرجیل کو 126 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا تھا اور اس وقت وہ 70 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن امپائر نے نو بال دیدی ۔

یونائیٹڈ کے باؤلرز نے بابراعظم کو نو بال پر دو مواقع فراہم کردیے جس کے نتیجے میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی شراکت 159 رنز بنے جو اس سے قبل ملتان سلطانز کے پاس تھا۔ شرجیل خان نے لیگ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی وکٹ کے حصول کے لیے انتظار کرنا پڑا، 176 کے مجموعے پر الیکس ہیلز نے بابراعظم کا ایک اورکیچ گرایا لیکن رن آؤٹ کردیا۔

حسن علی نے شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیو کیا، شرجیل 59 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 196رنز بنا لیے۔ دونوں ٹیموں نے اس میچ کے لیے کوئی تبدیلیاں نہیں کیں۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ اچھی ہے جبکہ ہماری باؤلنگ لائن مضبوط ہے اور ہمیں زیادہ سے زیادہ رنز سکور کرکے اچھی باؤلنگ کرنی ہوگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہمیں باؤلنگ میں زیادہ محنت کرنی پڑے گی اور کراچی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریںگے۔ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم شامل ہیں جب کہ کراچی کنگز کی ٹیم میں عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک،محمد نبی، ڈینیئل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل ہیں ۔