ترک وفد کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

جمعرات 25 فروری 2021 17:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2021ء) باسیسر یونیورسٹی ترکی کی ڈائریکٹر آپریشنز اوزنور زیئر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس سائپرس کیمپس پاکستان نوکٹ تنول پر مشتمل دو رکنی وفد نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیازاحمداختر سے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر ریجنل انٹیگریشن سینٹر ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، ڈائریکٹرایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹرثوبیہ خرم اور ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احمد منیب مہتہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر سے مختصر ملاقات کے بعد، پرو وائس چانسلر اور ڈائریکٹر آر آئی سی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ، ریجنل انٹیگریشن سینٹر میں وفد کے شرکاء کا استقبال کیا۔ اجلاس میں دونوں پارٹنر یونیورسٹیوں کے مابین جاری باہمی تعاون کو فروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے یونیورسٹیوں کے مابین تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا جس میں دونوں ممالک کے اسکالرز کے مابین تعلیمی روابط، طلباء کے تبادلے کے پروگرام اور طلباء کے لئے مشترکہ تحقیقی منصوبے شامل ہوسکتے ہیں۔