سینیٹ الیکشن کے نتائج کے بعد حکومت اپنا قبلہ درست کر لے، پاسبان

جمعرات 4 مارچ 2021 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشنزکے نتائج اور پی ٹی آئی کی ہار کے بعد حکومت اپنا قبلہ درست کر لے۔ ڈھائی سالوں میں مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہو چکا ہے ۔ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں عوام کی خوشیوں کو گرہن لگ گیا ہے اور عوام حکومت سے نالاں ہو چکے ہیں ۔

مہنگائی مافیا نے پورے ملک میں اپنے پنجے گاڑ لئے ہیں۔ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں لیکن حکومت بے بسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "کاروائی ہوگی "کے بیانات تک ہی محدود رہ گئی ہے ۔ بے تحاشہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا بیڑہ غرق، قوت خرید ختم اورخوشیاں ماند کر دی ہیں ۔ عوام کو غربت اور مہنگائی نے مار رکھا ہے لیکن سیاست دانوں کو صرف اپنی کرسیوں کی فکرہے۔

(جاری ہے)

عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر بے جا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ حکومتی ادارے بھی مہنگائی کی اسکورنگ میں لگے ہوئے ہیں۔ پرائس کنٹرول دیپارٹمنٹ چین کی بنسی بجا رہا ہے لیکن عام آدمی پر مہنگائی کا جو اثر ہوتا ہے وہ عام آدمی ہی جانتا ہے ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں طارق چاندی والا نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا رد عمل کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور ٹیلنٹڈ افرادسے مالا مال ملک ہے کمی صرف اہل اور دیانتدار قیادت کی ہے۔

کنزیومر پرائس انڈکس کے مطابق فروری میں جنوری کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 3فیصد اضافہ ہوا، جنوری میں مہنگائی کی شرح 5.70فیصد تھی ، رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.25فیصد رہی۔پاکستان بیورو ف شماریات کے مطابق فروری میں میں مرغی کی قیمت میں 37فیصد ، بجلی چارجز میں 29.45فیصد، جوتوں کی قیمت میں 14.66فیصد، خوردنی تیل 11.92فیصد،پھل 9.26فیصد ، گھی 9فیصد، مصالحہ جات 5.50فیصد، دال چنا 4.48فیصد، دال مسور 3.28فیصد، دال ماش 2.62فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس 2.93فیصد، گاڑیوں کا ایندھن 1.64فیصد اور چاول کی قیمت میں 1.20فیصد اضافہ ہو۔

چینی نے سینچری کر لی ہے۔ دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر کے عدالتی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ دودھ کے سرکاری نرخ 86 روپے ہیں جبکہ دودھ 130 روپے اور دہی 200 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پی پی پی اورمسلم لیگ (ن) نے جتنا لوٹا ،پی ٹی آئی حکومت اسی روش کو برقرار رکھتے ہوئے مہنگائی کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اگر قوم سے مخلص ہیں تو جہانگیر ترین سمیت دیگر چینی اور آٹا اسکینڈل میں ملوث مافیائوں کی جائیدادیں ضبط کر کے ان کے بینک اکائونٹ منجمد کریں۔

ان کی جائیدادوں کو نیلام کر کے، اکائونٹس میں پڑے پیسوں کو عام آدمی کی معاشی حالت کی بہتری کے لئے خرچ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد سیاسی جماعتوں سے اٹھ چکا ہے ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی مایوس عوام کو ایک مرتبہ پھر متحد و منظم کررہی ہے ۔ عمران خان اپنے درمیان سے سیاسی جواریوں کو نکال باہر کریں۔ محب وطن ماہر معاشیات کا سہارا لیں اور عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کرتے ہوئے روزمرہ استعمال کی اشیاء میں 75فیصد کمی کا اعلان کریں۔ بجلی و گیس کی قیمتیں بھی کم کی جائیں ۔