العلا ایئرپورٹ سعودی عرب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں شامل

ہوائی اڈے پر جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی خدمات کے حامل لائونج موجود ہیں،ائیرپورٹ انتظامیہ

ہفتہ 6 مارچ 2021 12:02

العلا ایئرپورٹ سعودی عرب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں شامل
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) سعودی شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے ایک فیصلے میں العلا کے شہزادہ عبدالمجید بن عبد العزیز ایئرپورٹ کو مملکت کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ اس طرح مملکت کا پانچواں بڑا ہوائی اڈا بین الاقوامی پروازوں کا استقبال کر سکے گا۔ العلا ہوائی اڈے کا رقبہ 24 لاکھ مربع میٹر ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اگست 2019 سے العلا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر متعدد ترقیاتی منصوبے دیکھے جا رہے تھے۔ ان کا مقصد العلا کو عالمی سطح پر ایک سیاحتی مقام تک پہنچانا اور مملکت کے پروگرام ویژن2030کے مقررہ اہداف کی تکمیل ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بدولت ہوائی اڈے پر مسافروں کی سالانہ گنجائش ایک لاکھ سے بڑھا کر چار لاکھ تک ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ انتظامیہ نے بتایاکہ ہوائی اڈے پر ایک ہی وقت میں 15 تجارتی پروازوں کا استقبال کیا جا سکتا ہے۔ہوائی اڈے پر جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی خدمات کے حامل لائونج موجود ہیں۔اس ہوائی اڈے کا ترقیاتی پروگرام العلا ضلع کے لیے رائل اتھارٹی کی حکمت عملی کا ایک بنیادی عنصر ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد العلا کو تاریخی ، ثقافتی ، سیاحتی اور قدرتی پہلوں کے حوالے سے ایک معروف عالمی مقام کا درجہ دینا ہے۔ سال 2035 تک العلا آنے والے افراد کی سالانہ تعداد 20 لاکھ اور سعودی عرب کی مجموعی مقامی پیداوار میں اس کی آمدنی کا حصہ 120 ارب ریال تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔