Live Updates

حکومت نے جاوید لطیف کے خلاف پرچہ کیوں نہیں کاٹا؟خاور مانیکا کوبھی گرفتار کرنا چاہیے

جاوید لطیف اور خاور مانیکا دونوں کو گرفتار کیا جائے،ایک نے غداری کی اور دوسرے نے قانون توڑا،سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود اور عمران خان کا موقف

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 16 مارچ 2021 03:14

حکومت نے جاوید لطیف کے خلاف پرچہ کیوں نہیں کاٹا؟خاور مانیکا کوبھی گرفتار ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مارچ 2021ء ) اس ملک میں اگر قانون ہے تو وہ صرف غریب کے لیے ہے جہاں بھی پیسے والا یا پھر امیر شخص آئے گا وہاں قانون کے ہاتھ بھی چھوٹے ہو جائیں گے اور قدم بھی اکھڑنے لگیں گے اور اس میں طاقت بھی نہیں رہے گی۔اس کی مثال واضح ہے کہ پتنگ بازی کرنے والے،جیب کترے اور چھوٹی موٹی چوری کرنے والوں کو نہ صرف گرفتار کر لیا جاتا ہے بلکہ انہیں جیل میں ڈنڈے اور چھتر بھی لگائے جاتے ہیں،جبکہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار کو پراڈو پہ سوار طاقتور شخص کا بیٹا سرعام کچل کر موت کے گھاٹ اتاردیتا ہے تو اس کے خلاف کیا ایکشن ہوتا ہے وہ ملک و قوم کے سامنے ہے۔

اگر تازہ ترین حالات کی بات کی جائے تو ن لیگ کے راہنما جاوید لطیف نے مریم نواز کے حق میں بات کرتے ہوئے جس طرح ملکی سالمیت اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو بدنام کرنے اور غداری کے لیے اکسانے کی بات کی تو ا سکے خلاف نہ تو ریاستی ادارے کچھ کرتے نظر آتے ہیں ا ور نہ ہی سول حکومت کوئی اقدام اٹھاتی نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف خاتون اول کے بیٹے ابراہیم مانیکا کی شادی پر ان کے والد خاور مانیکا نے ہوائی فائرنگ کر کے جس طرح سے قانون کی دھجیاں اڑائیں وہ ویڈیوز بھی منظر عام پر آ چکی ہیں اور ان کے خلاف بھی پولیس ڈپارٹمنٹ نے کوئی ایکشن نہیں لیااور نا کوئی کارروائی کی گئی۔

جاوید لطیف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اس کے خلاف پرچہ درج کرے اور گرفتار بھی کرے،ابھی کچھ دن پہلے ہی حکومت نے بیان دیا تھا کہ جو کوئی بھی ریاستی اداروں کے خلاف بات کرے گاتو اس کے خلاف غداری کا پرچہ دیا جائے گا جبکہ اب ایسا جرم سرزد کر دیا گیا ہے تو حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،جبکہ خاور مانیکا کی فائرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اینکر عمران خان نے اپنے پروگرام میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے اگر کسی غریب اور کمزور شخص کے لیے قانون جلد حرکت میں آ جاتا ہے تو خاور مانیکا کے خلاف بھی آئین کی خلاف ورزی کرنا پر پرچہ درج کر کے گرفتار کرنا چاہیے۔

اینکر عمران خان کے اس سوال پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی راہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ خاور مانیکا نے قانون توڑااور پارٹی اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی اس کے خلاف پی ٹی آئی کو ایکشن لینا چاہیے اور ایک مثال قائم کرنی چاہیے میں ذاتی حیثیت میں ان کے اس عمل کی مذمت کرتا ہوں۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات