اسٹیٹ بینک سے متعلق بل کی پارلیمنٹ میں مخالفت کی جائے گی،سینیٹر رضا ربانی

پچھلے چند دنوں کے واقعات بہت بدقسمت ہیں، ہم ملکی مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھیں گے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 مارچ 2021 20:40

اسٹیٹ بینک سے متعلق بل کی پارلیمنٹ میں مخالفت کی جائے گی،سینیٹر رضا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے متعلق بل کی پارلیمنٹ میں مخالفت کی جائے گی۔رضا ربانی نے کراچی لیٹریچر فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہیں سمجھتا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے، پی ڈی ایم سیاسی جماعتوں کا مجموعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں کے واقعات بہت بدقسمت ہیں، ہم ملکی مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھیں گے۔رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی نہیں کہا کہ وہ پی ڈی ایم سے الگ ہے، ہر لیڈر کی اپنی حکمت عملی ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی کا پہلے بھی اپنا الگ موقف تھا۔۔ رضا ربانی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کی مخالفت کریں گے، اسٹیٹ بینک کا گورنر کسی کو بھی جواب دینے کا پابند نہیں ہوگا، اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پارلیمنٹ میں آیا تو اسکی مخالفت کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کسی ملک میں نہیں دیکھا جہاں سب کچھ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا جائے، ملکی خودمختاری کو دائو پر نہیں لگنے دینگے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ شہید بی بی کے بعد میرے اندر کا سیاستدان دم توڑ گیا تھا۔پھر میں نے کتاب لکھنا شروع کی۔فکشن لکھنا میرے آسان ہے کیونکہ میں زیادہ تر خیالوں میں رہنے والا انسان ہوں ۔مختصر کہانیاں اور کئی کتابیں لکھیں،اور پھر میں سینیٹر بھی رہا۔یہ کتاب بچھڑی ہوئی مسکراہٹیں اور آرٹ کی طاقت کے حوالے سے ہے۔سمجھتا ہوں آج کل۔کہ دنیا کے اندر بچوں کی مسکراہٹ چھینا جارہا ہے۔دیگر مسائل سامنے آتے رہتے ہیںلیکن بچوں کی خوشیاں چھینی جارہی جس سے پوری دنیا میں اثرات مرتب ہورہے ہیں