وزیراعلیٰ سندھ کی لائیوسٹاک،فشریز ،یونیورسٹی اینڈ بورڈ کو سکیمیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت

مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں حلال گوشت کی برآمدات کا آغازکرنے کیلئے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سیکٹر کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 27 مارچ 2021 21:07

وزیراعلیٰ سندھ کی لائیوسٹاک،فشریز ،یونیورسٹی اینڈ بورڈ کو سکیمیں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2021ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز، یونیورسٹی اینڈ بورڈز اور لاء اینڈ پراسیکیوشن کے محکموں کی ترقیاتی اسکیموں پر ہونے والے کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں اپنی جاری اسکیموں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے ان کی جگہ نئی اسکیمیں متعارف کرائی جاسکیں۔

انہوں نے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سیکٹر کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ بڑے پیمانے پر فشریز اور حلال گوشت کی برآمدات کا آغاز کیا جاسکے۔ اجلاس میں سینئر ایڈوائزر ورکس اینڈ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ (یو اینڈ بی) نثار کھوڑو ، وزیر لائیوسٹاک باری پتافی ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری یو اینڈ بی علم الدین بلو ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

لائیو اسٹاک اینڈ فشریزکے حوالے سے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے پاس 26 اسکیموں کے لئے 10451.448 ملین روپے کا پورٹ فولیو ہے جس کے لیے 4346.089 ملین روپے جاری کیے جاچکے ہیں جو 6105.359 ملین روپے کے تھرو فارورڈ کو ظاہر کرتا ہے۔ فشریز اینڈ لائیواسٹاک کی 26 اسکیموں میں سے 22 جاری اسکیمیں ہیں اور چار نئی اسکیمیں ہیں۔ جاری اسکیموں کے لیے 1058 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں اور384.230 ملین روپے جاری کیے گئے اور168.169 ملین روپے استعمال ہوئے ہیں جو جاری شدہ رقم کے استعمال کا 43.77 فیصد بنتا ہے۔

محکمے کی اہم اسکیموں میں شیڈس کی فراہمی ، سیمن کلیکشن کے لیے بہترلیبارٹری ، 243.567 ملین روپے سے جینیاتی طور پر جانوروں کی افزائش اورحفاظت میں بہتری،58 ملین روپے سے ٹنڈو جام میں کنٹیجیئس کیپرین پلوروپ نیومونیا ویکسین کی پیداواری سہولت میں بہتری ،270 ملین روپے سے حیدرآباد میں لکویڈ نائٹروجن گیس پلانٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش،609.3 ملین روپے سے شکار پور میں مویشی کالونیوں کا قیام ، پی پی پی موڈ کے تحت 2.8 بلین روپے سے بنبھور ڈیری ولیج کا قیام اور گوشت حاصل ہونے والے جانوروں کے لئے پروسیسنگ زون کا قیام، نوشیروفیروز ، گھوٹکی ، کشمور ، تھرپارکر عمر کوٹ، اور مٹیاری میں پولٹری ہیچریز اوربیک وراڈ فارمنگ کو 247.376 ملین روپے کی لاگت سے توسیع دینا۔

شکارپور، لاڑکانہ ، حیدرآباد ، مٹیاری ، شہید بینظیر آباد ، ٹنڈو الہیار ، بدین اور عمرکوٹ میں 59.5 ملین روپے سے اعلیٰ افزائشی نسل کی بکری کی پیداوار کو متعارف کرانا اور دیگر متعدد منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اسکیموں کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ آئندہ بجٹ میں ان اسکیموں کو بجٹ سے خارج کیا جائے۔

یو اینڈ بی، وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی اینڈ بورڈ نے 33813.70 ملین روپے سے 46 اسکیمیں شروع کیں جن پرجون 2020 تک 10967.202 ملین روپے کے اخراجات ریکارڈ کیے گئے اور 22846.506 ملین روپے تھرو فارورڈ دکھایا گیا۔ یو اینڈ بی کی 46 اسکیمیں ہیں جن میں سے 44 جاری اسکیمیں اور دو نئی ہیں۔ رواں مالی سال کے لئے جاری 44 اسکیموں کے لئے مختص رقم 3.33 ارب روپے ہے جس کے لیے 1 ارب 15 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 533.243 ملین روپے جاری شدہ رقم کے 46 فیصد استعمال کو ظاہر کرتا ہے۔

یو اینڈ بی کی اسکیموں میں ، انٹرنیشنل سنٹر برائے کیمیکل اینڈ بایولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی میں 55.68 ملین روپے سے ایم فل / پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز کے لئے گرلز ہاسٹل کی تعمیر، 89.198 ملین روپے سے شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں ماڈل اسکول کا قیام ، شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں 40.8 ملین روپے سے شہید بے نظیر بھٹوچیئر کا قیام اور آئی بی اے یونیورسٹی کیمپس کمشور میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے 8 ملین روپے کی منظوری۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ یونیورسٹی اور بورڈز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اسکیموں کو جلد مکمل کریں تاکہ آئندہ مالی سال میں نئی اسکیمیں عمل میں لائی جاسکیں۔ محکمہ قانون، محکمہ قانون کی کل 12002.7 ملین روپے کی 65 اسکیمیں ہیں جن کے لیے 5235.596 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں اور 6767.151 ملین روپے تھرو فارورڈ ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران 65 اسکیموں میں سے 61 جاری ہیں اور باقی 4 اسکیموں کورواں مالی سال میں شروع کیا گیا تھا۔صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران 784 ملین روپے مختص کیے ہیں اور 537 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں اور جاری کردہ فنڈز کا استعمال 82.49فیصد یعنی 442.970 ملین روپے ہے۔#