اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں یہ استعفے دیں گی نہ ہی حکومت کو ان سے کوئی خطرہ ہے‘محمد سرور

حکومت سمیت تمام ادارے ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں، ہم ملک کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں ‘گور نر پنجاب کاتقریب سے خطاب

جمعرات 8 اپریل 2021 16:46

اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں یہ استعفے دیں گی نہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں یہ استعفے دیں گی اور نہ ہی حکومت کو ان سے کوئی خطرہ ہے،حکومت سمیت تمام ادارے ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں، ہم ملک کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں ،پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں تر قیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے ،صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔

وہ جمعرات کے روزلاہور سے ساہیوال روڈ کارپٹ کر نے کے 3ارب روپے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر جنر ل منیجر نیشنل ہائی وے افتخار احمد ساجد ،ڈائر یکٹر نیشنل ہائی وے محمد عمران خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے رانا محمد ندیم ،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد ،اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین وسیم رامے اور رائے حسن نواز سمیت دیگر بھی موجو دتھے ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب کے تمام جی ٹی روڈز کی تعمیر ومر مت کیلئے منصوبے پر کام کاآغاز ہوچکا ہے جبکہ سمندری سے ساہیوال 9ارب روپے کی موٹر وے کا منصوبہ بھی بنایا جارہا ہے جو لاہور سے کراچی موٹر وے کیساتھ لنک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صرف چند شہروں کو ہی تر جیح دیتی رہی ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی عوام کے لیے تر قیاتی منصوبے شروع کر رہی ہیں اور صحت تعلیم ہر شعبے میں عملی کام ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم عوام سے کیے جانیوالے تمام وعدے پورے کر یں گے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ اپوزیشن میں اتحاد اور اتفاق نام کی کوئی چیز نہیں اور آج وقت ثابت کر رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے خلاف محاذ بنارہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر نے کے منصوبے بنانے کی بجائے تحر یک انصاف کے عوامی مینڈ یٹ کو تسلیم کریں اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کر یں کیونکہ حکومت انکی دھمکیوں سے پہلے خوفزدہ ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ ہو گی۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت بے گھر افراد کو چھت فراہم کر نے کیلئے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم پر تیزی کیساتھ کام کر رہی ہے اور 12اپر یل کو وزیر اعظم عمران خان لاہور میں نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں جس میں بغیر کسی سیاسی تفر یق کے سر کاری ملازمین سمیت عوا م کو آسان اقساط پر گھر فراہم کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت بھی وفاقی حکومت غر یب خاندانوں کی بھر پور مدد کر رہی ہے۔