وفاقی دارالحکومت میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ریسٹورنٹس سیل

ہفتہ 10 اپریل 2021 13:48

وفاقی دارالحکومت میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ریسٹورنٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2021ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے شہر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 10 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 16 دکانوں کو بھی بند کرا دیا گیا، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 23 افراد کو گرفتار جبکہ 84 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 100 اموات اور 5 ہزار 139 نئے کیسز سامنے آئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 329 تک پہنچ گئی ،متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد7 لاکھ 15 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 78 ہے اور 6 لاکھ 27 ہزار 561 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار 908 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ،سندھ میں 4 ہزار 523، خیبر پختونخوا 2 ہزار 586، اسلام آباد 601، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 395 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 64 ہزار 902، خیبر پختونخوا 97 ہزار 318، پنجاب 2 لاکھ 45 ہزار 923، سندھ 2 لاکھ 68 ہزار 284، بلوچستان 20 ہزار 178، آزاد کشمیر 14 ہزار 260 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 103 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔