پی آئی اے نے 11 برس بعد خسارے پر قابو پا لیا، اربوں روپے کا منافع حاصل

پی آئی اے کا خسارہ 11 سال بعد اربوں روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گیا، مجموعی خسارے میں 33.7 فیصد کمی، قومی ایئر لائن اربوں روپے کا منافع حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 11 اپریل 2021 21:44

پی آئی اے نے 11 برس بعد خسارے پر قابو پا لیا، اربوں روپے کا منافع حاصل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 11اپریل 2021) پی آئی اے کا خسارہ 11 سال بعد اربوں روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گیا، مجموعی خسارے میں 33.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو 11 برس بعد خسارے پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مجموعی خسارے میں بھی33.7 فیصد کی کمی آئی۔پی ٹی اے میں خسارے پر قابو پانے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ، جس کے نتیجے میں کئی برسوں میں قومی ائیر لائن دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے کی جانب سے سال 2020 کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔کورونا اور یورپی پابندیوں کے باوجود نتائج حوصلہ افزا رہے اور سال2020 میں پی آئی اے نے 2.4ارب کا گراس منافع حاصل کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن خسارہ 6.1 ارب سےکم ہو کر2020 میں صرف680 کروڑ رہ گیا۔ 11سال بعد آپریشن خسارہ اربوں روپے کی نفسیاتی حدسےنیچےآگیا۔

پی آئی اے کے بڑے روٹس پر بندش کے باعث آمدنی شدید متاثر رہی، آمدنی 36 فیصدکم رہی جس میں 2ماہ کی آپریشن بندش شامل ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کئی برسوں سے خسارے میں جا رہا ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ اورموجودہ حکومتوں میں بھی قومی ائیر لائن کی نجی کاری کے لیے کوششیں کی جاتی رہیں، تاہم عوام کی تنقید کے بعد گزشتہ تمام حکومتوں نے اپنے فیصلے روک دیے۔ تاہم موجودہ حکومت کے اہم اقدامات، اب اپنے اثرات دکھانا شروع کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے اہم سنگ میل طے کرتے ہوئے 11 برس بعد اپنے مالی خسارے پر قابو پاتے ہوئے اربوں روپے کا منافع حاصل کر لیا ہے، جو کہ ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔