خالی پلاٹ سے دو سالہ بچے کی گلا کٹی لاش برآمد

مقتول کے باپ کی دو شادیاں تھیں ،دونوں بیویاں اکٹھی رہتی تھیں، پولیس نے مختلف پہلوؤں سے کیس کا جائزہ لینا شروع کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 اپریل 2021 17:42

خالی پلاٹ سے دو سالہ بچے کی گلا کٹی لاش برآمد
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اپریل 2021ء) لاہور میں خالی پلاٹ سے دو سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے صلی ٹاؤن میں خالی پلاٹ سے دو سالہ بچے کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق شایان علی کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بچہ دوپہر 2 بجے سے گھر سے لاپتہ تھا۔چھت سے خون بھی ملا ہے۔پولیس اور ان کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ شواہد ملے ہیں جلد ملزمان تک پہنچیں گے۔بچے کے قتل کی تفتیش جاری ہے اور معاملے کے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کے باپ کی دو شادیاں تھیں اور دونوں بیویاں اکٹھی رہتی تھیں۔دوسری جانب  کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی میتیں ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ سے لاہور کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایدھی ترجمان کے مطابق تینوں میتیں الگ الگ ایمبولینسوں کے ذریعے روانہ کی گئی ہیں ، میتوں کے ساتھ بچوں کے والد چچا اور ایک رشتے دار بھی موجود ہے۔جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد محمد عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پہنچنے کے دو سے تین گھنٹے بعد بچوں کو سپردخاک کر دیا جائے گا ، لاہور میں میری والدہ اور دیگر بہن بھائی رہائش پذیر ہیں ، محمد عمران نے کہاکہ انہوں نے اپنی اہلیہ نورین کے خلاف تینوں بچوں کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

تفتیشی حکام نے نورین کو حراست میں لیا تھا اور ابتدائی تفتیش کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی۔ انہوں نے بتایاکہ بچوں کا پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا ہے آئندہ 24 گھنٹوں میں کیمیکل اجزا لیبارٹری سے رپورٹس آجائے گی جس کے بعد نامزد ملزمہ کو باقاعدہ گرفتار کر لیا جائے گا۔محمد عمران نے وثوق کے ساتھ دعوی کیا کہ اس کے بچوں زیدان ، عیشال اور ارشان کے قتل میں بیوی نورین کے ساتھ اس کی ماں زاہدہ پروین ، بہن کوثر ، بہنوئی جاوید اور نورین کا چھوٹا بھائی شعیب بھی ملوث ہوسکتے ہیں، بچوں کی تدفین اور سوئم کے بعد وہ فوری طور پر ایف آئی آر کی پیروی کرنے کراچی پہنچ جائے گا۔