کوروناوبا کے باعث مزید چوبیس گھنٹوں میں 110 افراد چل بسے ،5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ

جمعہ 16 اپریل 2021 12:51

کوروناوبا کے باعث مزید چوبیس گھنٹوں میں 110 افراد چل بسے ،5 ہزار سے زائد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) کوروناوبا کے باعث مزید چوبیس گھنٹوں میں 110 افراد چل بسے ،5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار 481 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 1100725 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 364 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 745182 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ70 ہزار 963 ، پنجاب میں 2 لاکھ 61 ہزار 173، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 3 ہزار 419، اسلام آباد میں 68 ہزار 665، بلوچستان میں 20 ہزار 662، آزاد کشمیر میں 15 ہزار 137 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 163 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد78 ہزار 425 ہے،4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 110 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 982 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 123مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 650,775ہوگئی ہے۔