نماز جمعہ کے بعد کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے مظاہرے متوقع

آئی جی پنجاب کا شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم،سی سی پی او سمیت تمام آر پی اوز کو ہدایات جاری کر دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 اپریل 2021 13:00

نماز جمعہ کے بعد کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے مظاہرے متوقع
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2021ء) :نماز جمعہ کے بعد کالعدم تحریک لبیک کے متوقع مظاہروں کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑک بلاک کرنے ،توڑ ھوڑ کرنے والوں اور کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ہے۔آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ جو عناصر قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

شرپسند عناصر کی گرفتاری عمل میں لاکر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔سی سی پی او سمیت تمام آر پی اوز کو ہدایات جاری کر دیں۔اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے پاکستان میں سوشل میڈیا چند گھنٹوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں تمام سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ، جس کی روشنی میں پاکستان میں سوشل میڈیا پر پابندی شام 4 بجے تک برقرار رہے گی ، حکومتی فیصلے کے بعد ملک میں فیس بک ، ٹوئٹر ، واٹس ایپ اور یوٹیوب بند ہونا شروع ہوگئیں۔

میڈیا ذرائع کی طرف سے اس ضمن میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول انسٹا گرام ، ٹک ٹاک اور ٹیلی گرام کو بھی ملک بھر میں چند گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا ہے ، یہ پابندی وزارت داخلہ کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد پی ٹی اے کی طرف سے لگائی گئی ہے ، جس کا اطلاق آج صبح 11 بجے سے ہوا ہے اور یہ پابندی شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

اد رہے کہ رواں ہفتے ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے فرانس مخالف مظاہروں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں. مظاہرین نے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچایا اور تقریباً دو دن تک مختلف شہروں کی بڑی سڑکوں سمیت قومی شاہراہیں بند کیے رکھیں جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اوروفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹیفیکیشن جلد ہی جاری کر دیا جائے گا شیخ رشید احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت اس حوالے سے بھی قانونی مشاورت کر رہی ہے کہ یہ تنظیم نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری نہ رکھ سکے. شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت نے کوشش کی کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے طے پائیں انہوں نے کہا کہ دو سے تین دن میں اس تنظیم کو تحلیل کرنے کی سمری پر بھی عملدرآمد ہو جائے گا ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان سے مشاورت کی گئی ہے تاکہ تحریکِ لبیک پاکستان کسی اور نام سے اپنا کام جاری نہ رکھ سکے