ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت فیصل آباد کو سرسبزترین بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر شجرکاری کے ساتھ ساتھ مضافات میں بھی اس مہم کو عوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کے ہمراہ وائس چانسلر آفس کے سامنے پودا لگاتے ہوئے کیا

پیر 19 اپریل 2021 17:38

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2021ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت فیصل آباد کو سرسبزترین بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر شجرکاری کے ساتھ ساتھ مضافات میں بھی اس مہم کو عوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کے ہمراہ وائس چانسلر آفس کے سامنے پودا لگاتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر محمد خالد، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر جلال عارف، پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر جاوید اختر، ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ نثار، ڈاکٹر عدنان یونس اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ درخت فطرت کا خوبصورت شاہکار ہیں اور مقامی انتظامیہ مختلف نجی و سرکاری اداروں کے ہمراہ مربوط کاوشوں سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے بہترین نتائج کے حصول کے لئے عوام کی شرکت ناگزیر ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر نے بتایا کہ جامعہ زرعیہ میں گذشتہ سال 25ہزار پودے لگائے گئے تھے جنہیں اس سال مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اسکیم کے تحت آب و ہوا میں ہونے والی تبدیلیوں اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے بھی مدد مل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال مین کیمپس اور سب کیمپسز میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں پر جو مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں ان سے عہدہ برآء ہونے کے لئے اس مہم کو عوامی سطح پر فروغ دینا ہو گا۔ ڈاکٹر جلال عارف نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اور ضلعی حکومت کی طرف سے شجرکاری کے ذریعے شہر اور کیمپس کو خوبصورت بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ طلباوطالبات اور عام شہری شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے آگے آئیں گے تاکہ ہم پاکستان کو زیادہ شاداب بنا سکیں۔ اس موقع پر پرنسپل اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر جاوید اختر اور اے ڈی سی محمد خالد نے بھی پودا لگایا۔