خیبر پختونخوا میں کورونا سے ایک دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

صوبے میں کورونا بے قابو، کورونا مثبت کیسز کی شرح12 فیصد سے تجاوز کر گئی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 2 مئی 2021 21:39

خیبر پختونخوا میں کورونا سے ایک دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ
پشاور (اردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 29اپریل2021) خیبر پختونخوا میں کورونا بے قابو، کورونا مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد سے تجاوز کر گئی، صوبے میں کورونا سے ایک دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے، سینکڑوں کورونا مریضوں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس قابو سے باہر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں مزید 45 مریض موت کے منہ میں چلے گئے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواکے 4 اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد جبکہ 11 اضلاع میں 10 فیصد سے زیادہ ہے، مختلف ہسپتالوں میں 1057 مریض ایچ ڈی یو، 149 مریض آئی سی یو، 87 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 مریض موت کے منہ میں چلے گئے، صوبے میں اموات کی تعداد 3201 تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن کی کال بھی واپس لے لی گئی۔ این سی او سی نے مذکورہ 8 اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح غیر معمولی حد تک بڑھ جانے کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا اور یہ لاک ڈاؤن آئندہ ماہ کی 2 تاریخ سے نافذ کیا جاتا تھا۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جن 8 اضلاع میں لاک ڈاؤن لگانے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ان میں پشاور، لوئر دیر، مردان، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ اور صوابی شامل ہیں جبکہ مردان میں پہلے ہی لاک ڈاؤن لگایا جا چکا ہے۔این سی او سی نے لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کرلیں تھیں، لاک ڈاؤن 2 مئی سے لگنے کا امکان تھا تاہم اس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہونا تھا۔