عید الفطر کے موقع پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو بُری خبر سُنا دی گئی

یو اے ای سے پاکستان کی پروازیں محدود ہونے کے باعث پی آئی اے کے کرایوں میں50 فیصد اضافے کا امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 مئی 2021 18:02

عید الفطر کے موقع پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو بُری خبر سُنا ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 مئی2021ء) رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عید کے لیے سرکاری تعطیلات بھی اگلے چند روز میں ہو جائیں گی۔ اس موقع پر ہزاروں پاکستانی اپنے وطن جا کر عید منانا چاہیں گے۔ تاہم پاکستان میں کورونا وبا کی روک تھام سے متعلق ادارے این سی او سی نے بین الاقوامی پروازوں کی گنتی80 فیصد تک کم کر دی گئی ہیں ۔

اس پابندی کا اطلاق 5 مئی 2021ء سے ہو گا۔ پروازوں کی اس کمی کی وجہ سے پاکستان اور امارات کے مابین فضائی روٹ پر کرایوں میں 50 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر لوگوں کا واپسی کے لیے بہت زیادہ رش ہو گا، تاہم حکومت پاکستان نے بین الاقوامی پروازیں 80 فیصد تک کم کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے بہت کم لوگوں کا وطن واپس جانا ممکن ہو سکے گا۔

عید کے موقع پر پروازوں میں کمی کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ متوقع ہے۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن سول ایوی ایشن کی نئی ہدایات کے مطابق پروازیں چلائے گی۔ ہمیں 20 فیصد پروازیں کم چلانے کی حالیہ پابندی کی وجہ سے کچھ فلائٹس کے مسافروں کو دوسری فلائٹس میں منتقل کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال عید سے پہلے یا عید کے دوران کرایوں میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم یہ فلائٹس کی بکنگ اور ریونیومینجمنٹ پر منحصر ہو گا۔

ڈیلی گلف نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے مقامی ایئر لائنز بشمول پی آئی کے لیے پروازوں میں 80 فیصد کی بجائے صرف 20 فیصد کمی کی ہے۔بین الاقوامی ایئر لائنز کی پاکستان آمد میں کمی کے باعث امارات سے زیادہ تر پاکستانیوں کو پی آئی اے، ایئر بلیو اور سیرین ایئر کی پروازوں سے ہی سفر کرنا پڑے گا۔ اس پابندی سے اماراتی فضائی کمپنیوں ایمریٹس، اتحاد اور فلائی دُبئی کو زیادہ نقصان ہو گا، کیونکہ ان کی پاکستان کے لیے پروازیں 80 فیصد کم ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ دُنیا کی دیگر ایئر لائنز بھی اس پابندی سے بہت زیادہ متاثر ہوں گی جو مختلف ممالک سے پاکستانیوں کی بڑی گنتی کو سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔