جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال کر دیاگیاہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری

جمعرات 6 مئی 2021 14:48

راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 6 مئی2021ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ڈاکٹر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال کر دیاگیاہے، آئندہ بجٹ کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے امید ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے تیس فیصد سے زائد بجٹ مختص ہو گا اور یہ صرف انہی علاقوں کی ترقی پر خرچ کیاجائے گا،  فنڈز اور دیگر معاملات کی شفافیت کیلئے محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ با ت کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان  میں محکمانہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز کو بااختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے تمام سیکرٹریز سمیت متعلقہ افسران کو ڈیرہ غازیخان بلانے کا مقصد علاقہ کی تعمیر وترقی پر توجہ دینا ہے، ڈیرہ غازیخان جنوبی پنجاب کا اہم ڈویژن ہے،  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خود اس علاقہ کی ترقی کو فوکس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے گیارہ اضلاع میں کورونا ایس او پیز، احترام رمضان آرڈیننس، پرائس کنٹرول ایکٹ، گندم خریداری، رمضان بازار اور دیگر معاملات میں افسران کی عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائے گی تمام معاملات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے،  مقامی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کمشنر آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں،  مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسی نیشن مراکز میں سہولیات کی فراہمی کے علاوہ عوامی آگاہی بھی ضروری ہے تاکہ ہر شخص کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جاسکے۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری پلاننگ و ڈیلپمنٹ شعیب اقبال سید، سیکرٹری لائیو سٹاک آفتاب احمد پیرزادہ، سیکرٹری صحت محمد اجمل بھٹی، سیکرٹری انہار کیپٹن (ر) مشتاق احمد، سیکرٹری ہاوسنگ واربن ڈویلپمنٹ لیاقت علی چٹھہ، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس عثمان علی خان، سیکرٹری فاریسٹ سرفراز احمد مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈاکٹر زاہد اکرام اوردیگر موجو دتھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سٹی پارک کا دورہ کرتے ہوئے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔