پی آئی اے نے بحرین کے لئے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا

بحرین کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 مئی 2021 14:35

پی آئی اے نے بحرین کے لئے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2021ء) : پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے نے پاکستان سے بحرین کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا۔ براہ راست پروازوں سے مسافرکم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے، بحرین کے لیے ہفتہ وار 2پروازیں چلائی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے پاکستان سے بحرین کے لئے فضائی آپریشن بحال کردیا ، پہلی پروازپی کے189 آج لاہور سے 156 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی ، پی آئی اے بحرین کے لیے ہفتہ وار2 پروازیں چلا رہی ہے۔

جمعہ کولاہورسےاوراتوارکواسلام آباد سےبحرین کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی اور براہ راست پروازوں سے مسافرکم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے، اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہے کہ منافع بخش روٹس پرپروازیں بحال کرنا پلان کاحصہ ہے، مزید بین الاقوامی مقامات کے لیے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بحرین کے لیے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے نے وسطی اشیاء ممالک کے لیے پروازوں ‏میں اضافہ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے جس کا اعلان رواں برس فروری میں کیا گیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی آئی اے کی افغانستان ، آذربائیجان اور ازبکستان کے لئے پروازوں ‏میں اضافہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں تاحال کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 140 افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ کورونا کے 4298 نئے مریض سامنے آئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ اور پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی۔