نادار بیوہ مراد بی بی حکومتی و مخیر حضرات کی امداد کی منتظر

سر پر سایا نہیں کھلے آسمان تلے زندگی کے تلخ شب و روز بسر کرنے والی ضعیف العمر مراد بی بی مالی تنگدستی کا شکار

جمعہ 7 مئی 2021 19:23

بیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) نادار بیوہ مراد بی بی حکومتی و مخیر حضرات کی امداد کی منتظر ،سر پر سایا نہیں کھلے آسمان تلے زندگی کے تلخ شب و روز بسر کرنے والی ضعیف العمر مراد بی بی مالی تنگدستی کا بھی شکار ہے تفصیلات کے مطابق بلوچی گوٹھ بیلا کی 75سالہ بیوہ خاتون مراد بی بی بلوچ کسمپرسی کی زندگی بسر کررہی ہے اس غریب خاتون کا کچا مکان جو بارشوں میں مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور سر چھپانے کیلئے سایا نہیں رہا ماہ صیام اور 40سینٹی گریڈ تک کی شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے رہ رہی ہے مراد بی بی نے آن لائن کو اپنا دکھڑا بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں بیوہ اور مفلس خاتون ہوں ایک بیٹا جو مزدور پیشہ ہے بڑی مشکل سے پیٹ کا ایندھن پورا ہوتا ہے بیٹے کو کئی کئی روز کام نہیں ملتا اور کئی کئی روز فاقے بھی کاٹنے پڑتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نومنتخب سینیٹر واجہ قاسم رونجھو سمیت لسبیلا کے تمام مخیر حضرات سے اپیل کرتی ہوں کہ میری مشکلات اور تنگدستی و مفلسی کو مدنظر رکھتے ہوئے میری مالی امداد کریں