وزیراعظم کا دورہ کام کرگیا، مزید محنت کش پاکستانیوں کے سعودی عرب جانے کی امید پیدا ہوگئی

پاکستانی شہری سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں مزید مواقع پیدا ہوں گے، ہم مزید پاکستانی افرادی قوت کوسعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا ٹی وی انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 12:42

وزیراعظم کا دورہ کام کرگیا، مزید محنت کش پاکستانیوں کے سعودی عرب جانے ..
جدہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، ہم مزیدپاکستانی افرادی قوت کوسعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں مزید مواقع پیدا ہوں گے، ہم پاکستانی افرادی قوت کو سعودی قوانین کے مطابق سہولت دے رہے ہیں ، سرمایہ کار بھی دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کی بہت گنجائش ہے جب کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورے میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے 70 سال پر محیط تعلقات بہت اہم ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر بھی کام کر رہے ہیں ، افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطےکی سیکیورٹی کیلئے بھی اہم ہے ، ہم وزیراعظم عمران خان کےخطے کی سیکیورٹی اورخوشحالی کے وژن پرمعترف ہیں ، اس لیے دونوں ملکوں کی تاریخ میں وزیر اعظم عمران خان کا دورہ نہایت اہم ہے، ان کے دورے کے دوران انٹرویو پر خوشی ہے، اس دورے میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر توجہ ہے، اعلیٰ سطح سمیت حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے ، سعودی عرب اور پاکستان مسلم امہ کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لئے بھی مل کرکام کر رہے ہیں ، عالمی برادری کے درمیان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے بات چیت کی ضرورت ہے ، اوآئی سی اہم تنظیم ہے ، اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئےاوآئی سی کا کردار اہم ہے۔