بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ کواپنے پیاروں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش

تہاڑ جیل میںہر روز کم از کم 2 قیدی کورونا وائرس سے مرجاتے ہیں اور 250 سے زائد قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے

پیر 10 مئی 2021 13:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) بھارت میں کورونا وبا کی وجہ سے اموات اور مریضوں میں بڑے پیمانے پر اضافے سے بھارتی جیلوں بالخصوص دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ کی اپنے پیاروں کے تحفظ و سلامتی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گنجائش سے زائد قیدیوں سے بھرے بھارتی جیل پہلے سے ہی کورونا وائرس پھیلانے کے مرکز بن چکے ہیں۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام بھارتی جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی اور بڑے پیمانے پر کورونا وبا کے پھیلائو کی وجہ سے کشمیری نظربندوں کی سلامتی کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تہاڑ جیل میںغیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی بیٹی رووا شاہ نے ایک ٹویٹ میں اپنے والد کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیاہے۔

(جاری ہے)

رووا شاہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تہاڑ جیل میںہر روز کم از کم 2 قیدی کورونا وائرس سے مرجاتے ہیں اور 250 سے زائد قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام کے اہلخانہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں قیدیوں کے اہلخانہ پوچھتے ہیں کیا کشمیری نظربندانسان نہیں ہیںکہ کورونا وبا میں تیزی کے باوجود انہیںرہا نہیں کیاجارہا رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیری نظربندوں کی صحت معیاری غذا اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے تیزی سے بگڑتی جارہی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بہت سے کشمیری حریت رہنماکئی عارضوں میں مبتلا اور بھارتی جیلوں میں طبی سہولیات سمیت بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہیں ۔

رپورٹ میں کہاگیا کہ حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی دوران حراست موت سے ثابت ہوگیا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے بھارتی جیلوں میں کشمیر ی نظربندوںکی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ، بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جیلوں میںنظربندکشمیریوں کو بچانے کے لئے آگے آئیں۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھی اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس پر زوردیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں کی رہائی میں مدد کریں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا کہ کہ مودی کی فسطائی حکومت بھارتی جیلوں میں نظربند ہزاروں کشمیریوں کی رہائی کے مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کورونا وبا میں تیزی کے باوجودکشمیری نظربندوں کی رہائی سے انکار مودی حکومت کی انتقامی ذہنیت کی عکاسی کرتاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربندکشمیریوں کو رہا کرے تاکہ وہ کورونا وبا کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔