وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے واپس آتے ہی اہم اجلاس طلب کرلیا

اجلاس میں دورہ سعودی عرب اور شہباز شریف کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 10 مئی 2021 16:04

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے واپس آتے ہی اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے واپس آتے ہی اہم اجلاس طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر اہم رہنماؤں کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، اسد عمر اور شہزاد اکبر شریک ہوں گے۔

ملاقات میں دورہ سعودی عرب سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔جب کہ شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔شہزاد اکبر شہباز شریف کے معاملے پر وزیراعظم کو بریف کریں گے۔شہباز شریف کے معاملے پر عدالت سے رجوع کئے جانے سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم دورہ سعودی عرب پر اہم رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے بعد وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم کے وطن واپس پہنچنے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے معاشی، تجارتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور خاتون اوّل بشری عمران نے دورہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کی، خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔ وزیراعظم نے دورہ میں عازمین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کوخراج تحسین پیش کیا، امام کعبہ سے بھی ملاقات کی۔جدہ میں پاکستانی برادری سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے ساتھ پورا پاکستان ہے جوتبدیلی چاہتا ہے، خوشخبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان سامنے آئے گا۔