پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کابل میں سکول پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

پیر 10 مئی 2021 23:57

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکول پر دہشتگردانہ حملے اور اس میں تقریباً60کے قریب معصوم نہتے طلباء وطالبات کے شہادت وزخمی ہونے کے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد جمہوری افغانستان میں ہمسایہ ممالک کے مداخلت کی روک تھام کے بغیر دہشتگردی کے واقعات کے تسلسل کو روکنا ناممکن ہے ، آئے روز بم دھماکوںاور خونریزی کے ان واقعات میں معصوم ، بے گناہ ،نہتے عوام لقمہ اجل بن رہے ہیں اور یہ سلسلہ رمضان المبارک کے اس مقدس ماہ میں بھی جاری ہے جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد جمہوری افغانستان میںہمسایہ ممالک کی مداخلت کی روک تھام سے ہی اس طویل جنگ کا خاتمہ ہوگا اور یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان میں ہمسایہ ممالک کی مداخلت اور اس جنگ کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

بیان میں جنگ میں شریک تمام فریقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے غیور بہادر بے گناہ سپوتوں اور اپنے پیاروں کو جنگ کی نذر کرنے کی بجائے امن اور آتشی قائم کرکے افغانستان کے مائوں بہنوں کی آہ وبقاء سے نجات دلائیں۔ بیان میں تمام افغان ملت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس المناک واقعہ میں شہید ہونیوالوں طلباء وطالبات ودیگر افراد کے لواحقین سے دلی رنج وغم وافسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی ہے